نئی دلی : انڈین نیشنل کانگریس سے تعلق رکھنے والے بھارت کے سابق مسلمان وزیر قانون سلمان خورشید کے گھر کو آگ لگا دی گئی۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق سلمان خورشید نے فیس بک پر اپنے گھر کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے جاسکتے ہیں۔ سلمان خورشید کے گھر کو ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے آگ لگائی گئی ہے۔ انہوں نے اپنی فیس بک پوسٹ میں بھی کہا کہ یہ ہندو ازم نہیں ہے۔ خبر ایجنسی اے این آئی کے مطابق سلمان خورشید کے گھر میں توڑ پھوڑ اور آگ لگانے والے 21 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔