Saturday April 27, 2024

پاکستانی نوجوان نے 70 سالہ کینیڈین خاتون سے شادی رچا لی

حال ہی میں پاکستان میں کئی ایسی غیر معمولی شادیاں دیکھنے کو ملیں جس میں کبھی سرحد پار بھارت سے لڑکی پاکستان آگئی تو کوئی پاکستان سے بھارت چلی گئی، اس کے علاوہ گزشتہ دنوں عمر کے فرق کو بھلا کر شادیاں کرنے والے جوڑے بھی سامنے آئے۔ اب حال ہی میں ٹک ٹاک پر ایک جوڑے کی کافی دھوم ہے جس میں 35 سالہ نعیم شہزاد جو کہ پاکستان کے شہر گجرات سے تعلق رکھتے ہیں، ان کی شادی 6 سال قبل 70 سال سے زائد عمر کی کینیڈین خاتون سے ہوئی۔

نجی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں نعیم شہزاد نے بتایا کہ ان کی دوستی 2012 میں فیس بک پر ہوئی تھی، خاتون نے انہیں فرینڈ ریکویسٹ بھیجی اور 2015 میں ان کی اہلیہ نے ہی پہلے محبت کا اظہار کیا اور شادی کی پیشکش کی۔ نعیم کے مطابق ان کی شادی اگست 2017 میں ہوئی تھی لیکن ویزے کے مسئلے کی وجہ سے وہ کینیڈا نہیں جا سکے، گجرات کے شہری نے بتایا کہ جب ان کی دوستی ہوئی تو وہ ذہنی طور پر تھوڑے پریشان تھے، خاتون نے انہیں مکمل سپورٹ کیا جس کی وجہ سے وہ محبت میں گرفتار ہوگئے۔ نعیم شہزاد نے کہا لوگ کہہ رہے ہیں کہ میں نے ان سے کینیڈا کی شہریت حاصل کرنے کے لیے شادی کی لیکن ایسا کچھ نہیں ہے، ہمارے اپنے گھر میں اتنا سامان موجود نہیں، بس ضرورت کی چیزیں ہیں، یہ اتنی زیادہ امیر نہیں ہیں، ان کی معقول پنشن آتی ہے جس میں سے یہ اپنا گزارا کرتی تھیں اور کینیڈا سے مجھے بھی پیسے بھیجتی تھیں۔

دوران انٹرویو عمر سے متعلق پوچھے جانے والے سوال پر نعیم نے کہا مجھے اندازہ تھا کہ ساری زندگی اس قسم کی باتیں سننی پڑیں گی، میرے لیے زندگی میں اہلیہ سے بڑھ کر کوئی نہیں، لوگ کہتے ہیں میں گولڈ ڈگر ہوں لیکن ایسا نہیں ہے، یہ حال ہی میں چھ سال بعد پاکستان آئی ہیں، اب اہلیہ کا ارادہ ہے چھ ماہ یہاں اور چھ ماہ کینیڈا رہیں گی۔ نعیم شہزاد نے بتایا کہ مجھے ان سے دوستی سے پہلے صرف اتنا پتہ تھا کہ عید اور یوم آزادی ہوتے ہیں بس لیکن انہوں نے بتایا سالگرہ بھی ہوتی ہے، وہ میرے خاندان والوں کی سالگرہ پوچھ کر مجھے بہانے بہانے سے پیسے بھیجتی تھیں۔

انہوں نے کہا میں پہلے ویلڈنگ کا کام کرتا تھا لیکن پھر انہوں نے مجھ سے کام چھڑوادیا، اہلیہ نے کہا تھا ڈپلوما کرلو اور پھر کینیڈا آجانا، وہاں اس کا اچھا کام ہے لیکن پھر انہوں نے جب دیکھا ویلڈنگ کے کام میں کتنی دھول مٹی ہے تو انہوں نے کہا چھوڑو اسے، جتنی تمہیں تنخواہ ملتی ہے وہ میں دوں گی۔

بڑی عمر کی خاتون سے شادی پر والد ناراض ہیں: نعیم شہزاد
نعیم نے کہا گھر والوں نے اہلیہ کو قبول کرلیا ہے لیکن والد تاحال تھوڑے ناراض ہیں، ہم سے لوگ ٹولیوں کی صورت میں ملاقات کے لیے آتے ہیں اور بے شمار تحائف بھی لاتے ہیں۔

نعیم میرے ساتھ وفادار ہیں: اہلیہ کا بیان
لڑکے کی اہلیہ نے کہا کہ مجھے نعیم کی عادتیں کافی پسند ہیں، وہ ایماندار اور وفادار شوہر ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا شادی کے یہ چھ سال بہت اچھے گزرے اور میں ان سے بہت محبت کرتی ہوں۔ نعیم شہزاد نے لوگوں کو پیغام دیا کہ زندگی میں کبھی بھی شادی کا فیصلہ پیسہ دیکھ کر نہ کریں، یہ دیکھیں کہ آپ اپنے جیون ساتھی کے ساتھ خوش رہ سکیں گے یا نہیں، یہ دیکھیں کہ آپ کو محبت ہو۔ نعیم کے مطابق مجھے اپنی بیگم کی ہر بات پسند ہے، وہ مجھے چھیڑتی ہے ، تنگ کرتی ہے مجھے اس کی ہر ادا میں کیوٹنس نظر آتی ہے۔

FOLLOW US