لاہور: پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر نے مصنوعی بارش برسانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔لاہور میں سموگ سے چھٹکارہ پانے کے لیے مصنوعی بارش کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔ تجرباتی طور پرشہر میں طیارے یا غباروں کے ذریعے بارش برسائی جائے گی۔ڈرائی آئس میں نمک اور پانی ڈال کر مصنوعی بادل بنانے اور انہیں برسانے کے لئے پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر کام کررہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مصنوعی بارش ایک مہنگا پراجیکٹ ہے اوریہ کام ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں پورا سال بارش نہیں ہوتی ۔پروفیسر منور کا کہنا ہے کہ 10 کروڑ روپے کے خرچے سے لاہور کی ڈیڑھ کروڑ سے زائد آبادی کوسموگ جیسی آفت سے بچایا جاسکتا ہے ۔ انہوںنے مزید بتایا کہ فضائی آلودگی کے خاتمے کے لئے جہاں شہر کے مختلف علاقوں میں جنگلات لگائے گئے ہیں وہیں مصنوعی بارش کا طریقہ بھی اس آفت سے نمٹنے کے لئے موثر ثابت ہوسکتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت کم ہونے اور نمی بڑھنے سے دھند اورآلودگی کے آمیزش سے ماحول خراب ہوجاتا ہے۔ رواں سیزن میں سموگ اوراس سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔