لاہور : پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے باز بابراعظم اور محمد رضوان ٹی 20 کی ’جوڑی نمبرون‘ بن گئے جب کہ اوپننگ شراکت میں بھی دونوں کھلاڑیوں نے دوسروں کو پیچھے چھوڑدیا۔ تفصیلات کے مطابق بابراعظم اور محمد رضوان پر مشتمل اوپننگ جوڑی ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کو راس آگئی، دونوں نے رواں برس مختصر فارمیٹ کے زیادہ تر میچز میں مل کر ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا، اسی شاندار کارکردگی نے انھیں ٹی 20 انٹرنیشنل کی جوڑی نمبر ون بنا دیاہے۔دونوں کھلاڑیوں نے ایک سال میں چار مرتبہ ٹیم کو 150یا زائد رنز کا آغاز فراہم کیا۔سنچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف 17.4 اوورز میں بابر اور رضوان کے درمیان 197 رنز کی اوپننگ شراکت بنی، حال ہی میں کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی 20 میں پاکستانی اوپنرز نے158 رنز بنائے۔
اس سے قبل ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف152 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی تھی، دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں دونوں نے حریف بولرز کی دل کھول کر کلاس لیتے ہوئے ٹیم کو 10 وکٹ کی یادگار فتح سے ہمکنار کیا تھا۔اس سے پہلے ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف بابراعظم اور محمد رضوان نے 150 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، الگ الگ کنڈیشنز میں شاندار اننگز دونوں اوپنرز کی نئی گیند کے ساتھ مختصر فارمیٹ میں مہارت کا ثبوت ہیں۔مجموعی طور پر دونوں کھلاڑیوں نےسال2021ء میں 25 اننگز کے دوران 57.50 کی اوسط سے 1380 رنز بنائے، اس دوران رن ریٹ آٹھ اعشاریہ 10 رہا، انھوں نے چھ مرتبہ سنچری پلس اور تین بار50 سے زائدکا اوپننگ سٹینڈ دیا ۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے کس کو ووٹ ڈالا؟ ایسا انکشاف کہ پی ٹی آئی کارکن حیران پریشان رہ جائیں