لاہور: پنجاب حکومت نے قرآن کی لازمی تعلیم یقینی نہ بنانے والے سرکاری و نجی سکولوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی نگران ٹیمیں لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے یہ کارروائیاں کر رہی ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کے قرآن لازمی مضمون کے حکم پر عملدرآمد کے لیے سیشن ججز نگران مقرر کیے ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب کے سیشن جج اپنے اضلاع میں عدالتی حکم پر عملدرآمد کی نگرانی کریں۔تمام ضلعی حکام کو ہدایات کی گئی ہے کہ وہ سکولوں میں تعلیم قرآن کا مضمون پڑھانے سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھجوائیں۔مانیٹرنگ ٹیموں کو سکولوں کا روزانہ دورہ کرنے اور احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کا کہا گیا ہے جبکہ ہائیکورٹ نے حکومتی فیصلے پر عمل درآمد کے لیے ڈسٹرکٹ سیشن ججز کو نگرانی کا حکم دیتے ہوئے محکمہ تعلیم کی ٹیموں کو 15 نومبر سے قرآن نہ پڑھانے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔