واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کہاہے کہ سرحدی کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان اور بھارت کو براہ راست مذاکرات کرنا ہوں گے۔ دونوں ملکوں کو بلآخر مذاکرات کی ٹیبل پر آنا ہوگا۔ ہیدر نوئرٹ کا کہناہے کہ افغان طالبان کے مذاکرات کی پیشکش کے خط کو دیکھاہے لیکن افغانستان میں تنازعے کا حل افغان قیادت کے ذریعے چاہتے ہیں۔واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران ہیدر نوئرٹ کا کہنا تھا پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات اور امن چاہتے ہیں۔ سرحدی کشیدگی اور دیگر تنازعات دونوں ملکوں کو ملکر حل کرنے ہیں۔ایک سوال پر نوئرٹ نے کہاکہ افغان طالبان کی مذاکرات کی پیشکش کا خط دیکھا ہے لیکن افغانستان تنازعے ک
ا حل افغان شہریوں کی قیادت میں چاہتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کہاکہ بظاہر طالبان افغان حکومت سے مذاکرات کیلئے تیارنہیں لیکن امید ہے کہ افغان طالبان مذاکرات کی ٹیبل پر ضرور آئیں گے۔ایک سوال پر ہیدر نوئرٹ نے کہاکہ افغان تنازعے کا حل فوجی نہیں صرف سیاسی ہے۔افغان حکومت چاہے تو امن مذاکرات میں امریکا کردار ادا کرسکتاہے۔