لاہور : امریکی محکمہ خارجہ کے کشمیر سے متعلق غیر ذمہ دارانہ ٹویٹ پر پاکستان کا ردعمل آگیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹویٹ میں کشمیر کو بھارتی کشمیر لکھا گیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ سے کشمیر میں انٹرنیٹ کی بحالی سے متعلق ٹویٹ کیا تھا۔ امریکہ کی جانب سے کشمیر کو بھارتی کشمیر قرار دیے جانے کے بعد پاکستان نے بھارتی کشمیر لکھنے کا معاملہ امریکی محکمہ خارجہ سے اٹھادیا، معاملہ سفارتی چینلز کے ذریعے اٹھایا گیا ہے۔
دفتر خارجہ ذرائع کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ٹویٹ پر دفتر خارجہ کا باضابطہ ردعمل بھی آگیا۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کا بیان کشمیر کی متنازع حیثیت سے متصادم ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں دیرینہ مسئلے کی حیثٰیت رکھتا ہے۔ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی روکنے کے لیے بھارت پر زور ڈالے، مسئلہ کشمیر کو یو این قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی کوشش کی جائے۔