Tuesday May 21, 2024

وعدہ کرتا ہوں عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا انتخابات میں جنہوں نے میرے حق میں یا خلاف ووٹ دیا، میں سب کا صدر ہوں

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) نو منتخب امریکی صدر جوزف بائیڈن نے کہا ہے کہ وعدہ کرتا ہوں عوام کے اعتماد پر پورا اتروں گا، جنہوں نے میرے حق میں ووٹ دیا یا خلاف ووٹ دیا، میں سب کا صدر ہوں گا،امریکہ کی قیادت کا اعزاز بخشنے پر عوام کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ عوام نے منتخب کرکے امریکہ کی قیادت کا اعزاز بخشا ہے۔

وعدہ کرتا ہوں کہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ جنہوں نے میرے حق میں یا خلاف ووٹ دیا،ان سب کا صدر ہوں گا۔ میرے سامنے بڑے مشکل کام ہیں، لیکن میں عوام کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔ امریکا کے صدارتی انتخابات میں جوزف بائیڈن 273 الیکٹورل ووٹوں کے ساتھ امریکا کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ جوبائیڈن کے مقابلے میں ڈونلڈ ٹرمپ صرف 213 الیکٹورل ووٹ حاصل کرسکے۔ جوز ف جوبائیڈن کی جیت پر امریکا بھر میں جشن کا سماں ہے، جوبائیڈن کے حامی سڑکوں پر اور ولمنگٹن میں نکل آئے ہیں، بھرپور انداز میں جشن اورآتشبازی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ جوبائیڈن کے ساتھ ساتھ ڈیموکریٹ کی امیدوار کملا ہیرس جو کہ پہلی جنوبی ایشیاء کی اور پہلی سیاہ فارم خاتون ہیں، امریکا کی نائب صدر منتخب ہوگئی ہیں۔

کملا ہیرس کا تعلق کیلیفورنیا سے ہے، جبکہ ان کے والدین کا تعلق بھارت اور جمیکا سے تھا۔ 55 سالہ کملا ہیرس ریاست کیلیفورنیا کی سابق اٹارنی جنرل بھی رہ چکی ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ سیاہ فارم کو منتخب کرنا عوام نے فیصلہ دیا ہے کہ سابق صدر باراک اوباما بھی سیاہ فارم تھے لیکن موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سفید فارم ہونے پر ان کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔ موجودہ صدر بھی مساوی نظام کے حامی ہیں۔جو کہ ڈیموکریٹ کی پالیسیوں کو جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تاحال الیکشن نتائج ماننے سے انکاری ہیں، ان کا کہنا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کی گئی ہے۔ جوبائیڈن بھی اپنی جیت کا جشن نہ منائیں۔ انہوں نے جوبائیڈن کی جیت سے ایک گھنٹہ قبل ہی اپنی جیت کا اعلان کیا کہ وہ بھاری اکثریت سے الیکشن جیت چکے ہیں۔ لیکن اس کے برعکس منجھے ہوئے سیاستدان جوبائیڈن انتہائی پرامید رہے اور ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے تک کوئی جیت کا اعلان نہیں کیا۔ جو کہ ان کی بطور صدر مستقبل کی ٹھہراؤ والی سیاست کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

FOLLOW US