کراچی: مختصر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 7ویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے کو اسپانسر کرنے کا اعلان کردیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹک ٹاک وہ پہلا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہوگا، جہاں ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا آفیشل ترانہ سب سے پہلے ریلیز کیا جائے گا۔ یہ ترانہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے انعقاد پر شائقین کرکٹ کے جوش و جذبہ کو بڑھانے کے لیے میچز کے دوران شائقین کی تفریح کے لیے اسٹیڈیم میں چلایا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ہمیشہ سے ایک الگ فین بیس رہی ہے، ایچ بی ایل پی ایس ایل کے معیاری ترانوں کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں خوب پذیرائی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کی جوڑی کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں اور ترانے کو اسپانسر کرنے پر ٹک ٹاک کے مشکور ہیں۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل نے حال میں ٹک ٹاک کے ساتھ شراکت داری کا دو سالہ معاہدہ کیا جس سے یہ تعلق مزید مضبوط ہوگا۔ پاکستان، مشرقِ وسطیٰ، ترکی اور افریقہ میں ٹک ٹاک کے ہیڈ آف برانڈ مارکیٹنگ پاؤل کاترب کا کہنا ہے کہ وہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے کو اسپانسر کرنے پر بہت خوش ہیں، ٹک ٹاک پاکستان میں موجود کرکٹ کے مداحوں کا گھر بنتا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم اور گلوکارہ آئمہ بیگ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے آفیشل ترانے میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ عبداللہ صدیقی نے اس ترانے کو کمپوز کیا ہے۔
‘مجھے وزیر کے عہدے سے مسلمان مذہب ہونے کی وجہ سے ہٹایا گیا،برطانوی رکن پارلیمنٹ نصرت غنی کا الزام
اگر میں حکومت سے نکل کر سڑکوں پر آگیا تو زیادہ خطرناک ہوں گا، وزیر اعظم نے اپوزیشن پر واضح کر دیا