Thursday May 9, 2024

محمد رضوان کی شاندار سنچری، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تگڑا ہدف دے دیا

لاہور : پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ٹی ٹونٹی سیریزکے پہلے میچ میں170 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقی کپتان ہینری کلاسن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کپتان بابراعظم پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان کا ساتھ دینے کے لیے نوجوان بلے باز حیدر علی آئے اور خوب صورت سٹروکس کھیلتے ہوئے 3چھکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔ ان کے آئوٹ ہونے کے بعد حسین طلعت اور رضوان نے ٹیم کی نصف سنچری 7ویں اوور میں مکمل کی۔

ٹیم کا سکور69 رنز تک پہنچا تو حسین طلعت 15 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے ،محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نصف سنچری مکمل کی۔ افتخار احمد صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ خوشدل شاہ کی اننگز بھی 12 رنز تک محدود رہی ،فہیم اشرف بھی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے اور صرف 4 رنز بنا کر ایندائل فلکوایو کو وکٹ دے کر چلے گئے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنالیے۔محمد رضوان 104 اور محمد نواز 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہوئے رہے۔ خیال رہے کہ جنوبی افریقی ٹیم کے اکثر کھلاڑی ٹیسٹ سیریز کے بعد وطن واپس جا چکے ہیں۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، حیدر علی، حسین طلعت، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، فہیم اشرف، عثمان قادر، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں جبکہ جنوبی افریقی ٹیم ہنری کلاسن(کپتان)، جینمن ملان، ریزا ہینڈرکس، جیکس سنیمن، ڈیوڈ ملر، ڈیوین پریٹوریس، ایندائل فلکوایو، بی جورن فورٹین، جونیئر ڈالا، لوتھو سیپاملا اور تبریز شمسی پر مشتمل ہے۔ دونوں ٹیمیں 13 فروری کو دوسرے اور 14 فروری کو تیسرے ٹی ٹونٹی میں مدمقابل ہوں گی، تینوں میچ فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیںگے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم نے 0-2 سے کامیابی حاصل کرکے کلین سوئپ کیا تھا۔

FOLLOW US