Friday May 3, 2024

کراچی ٹیسٹ چوتھے روز ہی ختم پاکستان نے7سال بعد جنوبی افریقہ کو شکست دے دی

کراچی : پاکستان نے کراچی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 220 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم فواد عالم کی سنچری کی بدولت 378 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور میزبان ٹیم کو 158 رنز کی برتری حاصل ہوئی،جواب میں مہمان ٹیم 245 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے دیئے گئے 88 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 3 وکٹیں گنوایں۔ عمران بٹ 12،عابد علی 10 اور کپتان بابراعظم 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اظہر علی 31 اور فواد عالم 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز مہمان ٹیم نے 4 وکٹ کے نقصان پر 187 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔

کیشو مہاراج کو 2 رنز پر حسن علی نے بولڈ کیا اور کپتان ڈی کوک کی اننگز کا خاتمہ 2 رنز پر یاسر شاہ نے کیا، ۔ اینرج نورجے کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوئے، جارج لنڈے 11 رنزبنا سکے جب کہ ٹمبا باوما کی مزاحمت 40 رنز پر دم توڑ گئی۔ قومی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں سپنرز چھائے رہے،ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے 5 اور یاسر شاہ نے 4 وکٹیں حاصل کی، 1وکٹ حسن علی کو ملی۔ اس سے قبل دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر 29 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ وین ڈیر ڈاسن اور اور ایڈن مارکرم نے 127 رنز کی اہم شراکت قائم کی اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کی تاہم یاسر شاہ نے ڈاسن کو 64 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

تیسرے روز کے اختتام سے 4 اوورز پہلے فاف ڈوپلیسی 10 رنز پر یاسر شاہ کا شکار بنے ،اگلے اوور میں مارکرم 74 رنز کی اننگز کھیل کر نعمان علی کا شکار بنے۔ قومی ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے 4 ، نعمان علی اور حسن علی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان نے کھیل کے پہلے روز 33 رنز پر 4 وکٹیں گنوادی تھیں تاہم فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت قومی ٹیم جنوبی افریقہ پر پہلی اننگز میں برتری حاصل ہونے میں کامیاب ہوگئی۔ اظہرعلی 51 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے، فہیم اشرف 64 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، یاسر شاہ 38 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے 3،3 جب کہ لنکی نگیدی اور اینرچ نورجے نے 2،2، وکٹیں حاصل کیں۔ کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 220 رنز بنائے تھے، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جبکہ ڈیبیو کرنیوالے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

FOLLOW US