Wednesday May 8, 2024

نوجوان بلے باز حیدر علی کی دھواں دار بیٹنگ پاکستا ن نے زمبابوے کو دوسرے ٹی 20 میں باآسانی شکست دے دی

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی ٹونٹی میں 8 وکٹوں سے ہرا کر سیریز اپنے نام کرلی ہے ۔ 135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور فخر زمان صرف 5 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے، حیدر علی اور بابراعظم نے دوسری وکٹ کے لیے 100 وکٹ کی شراکت داری قائم ہوئی اور اس دوران دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں،بابر 51 رنز بنا کر

موزاربانی کا شکار بنے،پاکستان نے مطلوبہ ہدف 15.1 اوورز میں پورا کرلیا،حیدر علی 66 اور خوشدل شاہ 11 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے،زمبابوے کے لیے موزاربانی نے 2 وکٹیں لیں ۔ زمبابوے نے اننگز کا آغاز کیا تو حارث رؤف نے میچ کے دوسرے ہی اوور میں برینڈن ٹیلر کو پوویلین بھیجا، کپتان چبھابھا اور سین ولیمز نے دوسری وکٹ کے لیے 25رنز جوڑ کر سکور کو 30 تک پہنچایا ہی تھا کہ زمبابوین کپتان بھی حارث رئوف کے ہاتھوں پوویلین لوٹ گئے ۔ زمبابوین ٹیم سے ابھی یہ جھٹکا بھی برداشت نہ ہوا تھا کہ فہیم اشرف نے سین ولیمز کی وکٹیں بکھیر دیں۔ مہمان ٹیم کا سکور 65 تک پہنچا تو دوسرا ٹی ٹونٹی کھیلنے والے عثمان قادر نے اپنے ایک ہی اوور میں سکندر رضا اور گزشتہ میچ میں 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے مادھوویرے کو پوویلین چلتا کیا ،ایلٹن چگمبھرا 18 رنز بنا کر عثمان قادر کا تیسرا شکار بنے۔تریپانو اور ریان برل نے ٹیم کا سکور 120 رنز تک پہنچایا جس کے بعد تریپانو 15 رنز بنا کر حارث رئوف کا تیسرا شکار بنے۔

ریان برل نے ذمہ داری نبھاتے ہوئے 32 رنز بنائے اور ٹیم کو قدرے بہتر ہدف دینے میں مدد کی۔ زمبابوے نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور عثمان قادر نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنبگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ زمبابوے نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بابراعظم(کپتان)، فخر زمان، محمد حفیظ، حیدرعلی، محمد رضوان، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عثمان قادر، وہاب ریاض، محمد حسنین اور حارث رؤف شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی ٹونٹی میں زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

FOLLOW US