Monday October 21, 2024

تحریک انصاف ایم کیو ایم پاکستان پر مہربان! ایک اور اہم ترین وزارت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا

کراچی (نیوز ڈیسک ) وفاقی کابینہ میں توسیع اور اگلے مرحلے میں ایم کیو ایم کو ایک مزید وزارت دیئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے اورنگی ٹائون سے منتخب ہونے والے قومی اسمبلی کے رکن امین الحق کو وفاقی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ امین الحق کو وزارت سمندر پار پاکستانی کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے

کہ امین الحق ایم کیو ایم کے سینئر ترین رکن ہیں اور ایم کیو ایم کے پہلے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور قومی اسمبلی کے رکن رہے ہیں تاہم دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کو 2 وزارتیں دیئے جانے پر پی ٹی آئی کراچی کے رہنما جو پہلے ہی نالاں تھے مزید ایک اور وزارت دیئے جانے پر پی ٹی آئی کراچی کی قیادت میں شدید تحفظات اور ناراضگی پائی جاتی ہے جبکہ دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہو گیا ہے۔عمران اسمعیل سندھ کے 33 ویں گورنر ہوں گے جن کی حلف برداری کی تقریب 27 اگست کو گورنر ہاؤس کراچی میں ہوگی۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ عمران اسماعیل سے حلف لیں گے جب کہ ان کی گورنر سندھ تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کا عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ دوسری جانب عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ مقرر ہونے پر اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں، اپنے والدین اور اہلخانہ کا بھی شکر گزار ہوں جن کی وجہ سے یہاں تک پہنچا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا بھی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر بھروسہ کیا، مجھ پر اعتماد کرنے پر پی ٹی آئی کارکنان کا بھی شکر گزار ہوں۔عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ پیر کے دن گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھاؤں گا اور مسائل کے حل کے لیے وفاق اور صوبے میں پُل کا کردار ادا کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام مجھے اپنے درمیان پائیں گے، سندھ کی ترقی میری اولین ترجیح ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتا ہوں اور وفاق سے سندھ کے لیے خصوصی فنڈز لوں گا، کراچی پیکج سے شہریوں کے مسائل بھی حل کریں گے۔یاد رہے کہ محمد زبیر کے مستعفی ہونے کے بعد سے گورنر سندھ کا عہدہ خالی تھا اور آغا سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے تھے۔

FOLLOW US