پشاور (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف حالیہ الیکشن میں ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے ۔ پارٹی کی کامیابی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے جن میں سے ایک مومنہ باسط بھی ہیں جو پی ٹی آئی ہزارہ ریجن کی صدر ہیں اور مخصوص نشستوں پر خیبر پختونخوا اسمبلی کی کم عمر ترین رکن اسمبلی منتخب ہونے جارہی ہیں۔ خیبر پختونخوا
اسمبلی میں خواتین کیلئے مخصوص نشستوں کی تعداد 21 ہے ۔تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن کو 15 خواتین کی ترجیحی فہرست جمع کرائی گئی ہے جس میں مومنہ باسط کا نام بھی شامل ہے۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں دو تہائی اکثریت کے باعث مومنہ باسط کی سیٹ بھی کنفرم ہوچکی ہے اور انہیں مبارکبادیں دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔مومنہ باسط گزشتہ کئی سال سے تحریک انصاف کیلئے انتھک کام کر رہی ہیں اور ایک ایسے علاقے (ہزارہ) جو کہ ن لیگ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے سے بطور صدر فرنٹ لائن پر پارٹی کو لیڈ کر رہی ہیں۔مومنہ باسط نے الیکشن کے دوران بھی پارٹی کی بھرپور مہم چلائی اور اہم نشستوں پر پارٹی کیلئے فتح سمیٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔