اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے عمران خان سے وزارت داخلہ کا عہدہ مانگ لیا ۔ ایک دو روز میں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے انتخابات میں کامیابی کے
بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور متوقع وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی اور ان سے وزارت داخلہ کا قلمدان مانگا۔ عمران خان سے جب شیخ رشید ملاقات کے لئے پہنچے تو کپتان نے دیگر بیٹھے ہوئے لوگوں سے کہا کہ ہمارے وزیر ریلوے آگئے ہیں ۔ شیخ رشید نے اس موقع پر تو خاموشی اختیار کر لی مگر کپتان سے ون آن ون ملاقات میں انہوں نے وزارت داخلہ کا قلمدان مانگا جس پر عمران خان نے کہا کہ پارٹی کی کور کمیٹی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا۔ واضح رہے کہ داخلہ کا قلمدان ہمیشہ اس کو دیا جاتا ہے جو اداروں اور سول حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ شیخ رشید اداروں کے نزدیک ہو جاتے ہیں اور غالب امکان ہے کہ وزارت داخلہ کا قلمدان ان کو دیا جائے گا ۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب اور قومی اسمبلی میں مطلوبہ اراکین کی تعداد حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ موجودہ صورت حال میں قومی اسمبلی کا ایوان 328 سے 330 کا ہے جس میں سے 168 اراکین کی حمایت پی ٹی آئی کو
مل گئی ہے جس میں خواتین اور اقلیتی اراکین بھی شامل ہیں۔پنجاب اسمبلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبائی اسمبلی میں بھی ان کی پارٹی کو مطلوبہ نمبرز حاصل ہوگئے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا ہاؤس 371 کا ہے لیکن اس وقت کی صورت حاصل میں یہ اعوان 360 کے لگ بھگ رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہماری 180 نشستیں ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں حکومت ہم بنائیں گے، بلوچستان میں مخلوط حکومت بنائی جائے گی جبکہ خیبرپختونخوا میں ان کی پارٹی کے پاس دو تہائی اکثریت موجود ہے۔ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق مسلم لیگ (ق) سے فارمولا طے پایا ہے، وہ پنجاب اور مرکز دونوں میں شراکت دار ہوگی تاہم وزیراعلیٰ پنجاب تحریک انصاف سے ہی ہوگا جس کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں اتحادیوں کو نمائندگی دی جائے گی جس کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جنہوں نے حمایت کی یقین دہانی کروادی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے پارٹی رہنما جہانگیر ترین جلد ملاقات کریں گے۔