اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اعتراف کرلیا ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت چوری کی گئی اور لوٹی ہوئی دولت واپس لانے میں ناکام رہی ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز شریف ، نواز شریف سے زیادہ کرپٹ ہیں ، اس وقت سب سے زیادہ مضبوط کیسز شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ہیں ، شہباز شریف اسی لئے سب سے زیادہ متحرک ہیں ، ان کیسز میں بڑی جان ہے مگر ہم نتائج نہیں لا سکے ، نیب کے کیسز نے عدالتوں میں بہت زیادہ وقت لیا ، میگا کرپشن کے 70 کیسز ہیں جن کا فیصلہ ہونا چاہے، ہماری کوشش ہو گی کہ ہماری حکومت کے ڈیڑھ سال میں ان کیسز کا فیصلہ ہو ۔
عدم اعتماد کی تحریک سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کہتی ہے کہ حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے 20 ارکان ان سے ملے ہوئے ہیں جبکہ پارلیمنٹ میں حکومتی بل کے وقت سب نے دیکھا کہ ان کے ارکان نے ہمیں ووٹ دیے ، یہ لوگ عدم اعتماد کی تحریک لانے کے قابل ہوتے تو ساڑھے تین سال قبل ہی لے آتے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست 50 روز کی ہے جبکہ فضل الرحمان کی سیاست اور طرز کی ہے ، 50 روز کے بعد عمران خان سرخرو ہوں گے ، اپوزیشن نے اسلام آباد میں کیا لینے کیلئے آنا ہے ، 23 مارچ کو پریڈ ہو رہی ہے جس میں جے 10 سی کے طیاروں کی پریڈ ہو گی ، او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہو گا جبکہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم آئے گی ، تو یہ لوگ کیوں آرہے ہیں ؟ ، ان کی سیاست صرف ٹی وی ، ٹی وی تک ہی محدود ہو کر رہ گئی ہے ۔
کیا فیصل واوڈا کی نا اہلی تاحیات برقرار رہے گی؟ سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کا تہلکہ خیز بیان آگیا
شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ ہم آزاد کشمیر اور بلوچستان میں وراثتی سرٹیفکیٹ دینے جا رہے ہیں ، سندھ میں پاسپورٹ کے 13 دفتر کھولنے جا رہے ہیں جبکہ نادرا دفاتر بھی بڑھا رہے ہیں ، وزیر اعظم نے سول آرمڈ فورسز کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے ، میری درخواست ہے کہ وہ دیگر اداروں کے ملازمین کی تنخواہ میں بھی اضافے پر غور کریں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے طالبان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں ، انہوں نے یقین دلایا ہے کہ ان کی سر زمین پاکستان کے خلاف نہیں استعمال ہوگی ، اکا دکا واقعات ہوئے ہیں جن پر بات ہوئی ہے ۔ سعودی وزیر داخلہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے ، مطلوبہ ملزمان کی حوالگی ، حج و عمرہ سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی ہے ۔ فیصل واوڈا کی نا اہلی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے بھائی کو بھی نا اہل قرار دیا گیا ، فیصلے کے خلاف انہوں نے عدالت سے رجوع کیا اور انہیں ریلیف ملا ، فیصل واوڈ اصاحب بھی سپریم کورٹ جائیں گے ، ان کا حق ہے ۔
وہی ہوا جس کا خدشہ تھا، حکومت نے تنخواہ دار طبقے پر بجلیاں گرا دیں