لاہور: مقامی شوگر ملوں سے ترسیل کے آغاز کے بعد چینی کی فی کلو قیمت میں 60 روپے سے زائد کی کمی، ملک کے کئی شہروں میں چند روز قبل 160 روپے کی سطح عبور کر جانے والی چینی کی قیمت اب 100 روپے سے نیچے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں چند روز قبل قیمتوں میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ جانے کے بعد اب چینی کی قیمتوں میں مسلسل کمی آنے لگی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے بیشتر شہروں میں مقامی چینی کی دستیابی اور قیمتوں کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔ کئی شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت اب 100 روپے سے نیچے آ چکی ہے۔ کرشنگ سیزن کے آغاز اور شوگر ملوں سے مقامی چینی کی ترسیل شروع ہونے سے چینی کی دستیابی اور قیمتوں کی صورتحال میں بہتری آئی۔ جبکہ مارکیٹ میں پہلے سے موجود درآمدی چینی کے اسٹاک کی وجہ سے آنے والے دنوں میں چینی کی قیمتوں میں مزید کمی آنے کا امکان ہے۔
چینی کی قیمت کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق لاہور میں ہول سیل میں مقامی چینی فی کلو 95 سے 100 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے اور جلد پرچون میں بھی مقامی چینی 105 سے 110روپے کلو تک دستیاب ہوگی۔ اسلام آباد میں چینی کی ہول سیل قیمت94 روپے فی کلو ہے،جبکہ ریٹیل اوسط قیمت 100 روپے فی کلو ہے۔ کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 10روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد اب چینی کی قیمت 100روپے کلو ہوگئی ہے جبکہ شہر کے بعض علاقوں میں فی کلو چینی 105 سے 108 روپے تک میں فروخت کی جارہی ہے۔ حیدر آباد میں چینی کی فی کلو قیمت میں 10 سے 14 روپے کمی ہوئی ہے اور چینی کی فی کلو قیمت 100 سی96 روپے کے درمیان ہوگئی ہے۔ پشاور کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی فی کلو95 روپے میں فروخت ہورہی ہے جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں چینی فی کلو 105 روپے ہے۔ شہر میں حکومت کی درآمد کی گئی چینی 90 روپے میں بھی فروخت ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ کراچی اور ملک کے دیگر شہرں میں بھی چینی کی قیمت کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ کرشنگ سیزن کے آغاز کے بعد چینی کی قیمت 100 روپے سے نیچے آ جائے گی۔
“آڈیو کلپ اگر شریف خاندان سے آیا تو ان کی تاریخ دیکھنی ہوگی” اعتزاز احسن نے قانونی سوالات اٹھا دیے