Monday January 20, 2025

موٹروے پولیس نے انٹر نیشنل ڈرائیونگ لائسنس بنانے کا سلسلہ شروع کر دیا لائسنس دنیا کے 57ملکوں میں تسلیم کیا جائے گا،

فیصل آباد : موٹروے پولیس نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس بنانے کا سلسلہ شروع کر دیا، لائسنس دنیا کے درجنوں ملکوں میں تسلیم کیا جائے گا، بچوں میں شروع سے ہی ٹریفک شعور کو اجاگر کرنے کیلئے تعلیمی نصاب میں بھی روڈ سیفٹی کو شامل کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس نے بیرون ممالک کا رخ کرنے والے پاکستانیوں کیلئے اہم ترین سہولت متعارف کروا دی ہے۔ موٹروے پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اب پاکستان میں ہی انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا جا سکے، جو کئی ممالک میں تسلیم کیا جائے گا۔ پاکستان میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والے پاکستانیوں کو بیرون ملک جا کر نیا لائسنس بنوانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

جوڑے کو برہنہ کرکے تشدد کا معاملہ، ایک ماہ میں کیس منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ

بتایا گیا ہے کہ موٹروے پولیس کی جانب سے جاری کیے جانے والا انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس دنیا کے 57ملکوں میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔ یہ بات موٹر وے پولیس کے سی پی او بیٹ کمانڈر افتخار علی وینس نے فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے سفر کو محفوظ بنانے کیلئے پورے معاشرے کو بحیثیت مجموعی اپنا تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس سلسلہ میں موٹر وے پولیس تسلسل کے ساتھ روڈ سیفٹی بارے آگاہی سیمینار منعقد کر رہی ہے جبکہ بچوں کے تعلیمی نصاب میں بھی روڈ سیفٹی کو شامل کیا جا رہا ہے تاکہ بچوں میں شروع سے ہی ٹریفک شعور کو اجاگر کیا جا سکے۔

وفاقی ملازمین کی پنشن میں 10 فیصداضافے کانوٹیفکیشن جاری

انہوں نے روڈ سیفٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے سڑک پر ڈرائیو کرنے والوں کی نہ تو اپنی جان محفوظ ہوتی ہے اور نہ ہی دوسروں کی۔ انجمن تاجراں سٹی فیصل آباد کے صدر خواجہ شاہد رزاق سکا نے روڈ سیفٹی میں اپنی خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور بتایا کہ انہوں نے اس موضوع پر لوگوں کی آگاہی کیلئے ایک کتابچہ بھی شائع کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریفک کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے وہ ٹریفک پولیس کوبیرئیرز اور روڈ مارکنگ کی سہولت بھی مہیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے روڈ مارکنگ کیلئے جدید مشینیں درآمد کی ہیں جو ایک گھنٹے میں 15سے 20کلومیٹر تک مارکنگ کر سکتی ہیں۔ ان مشینوں کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی ، نیشنل لاجسٹک سیل اور فیڈمک میں استعمال کرنے کے علاوہ نجی کالونی میں بھی استعمال کیا گیا مگر اب اُن کا استعمال نہ ہونے کی وجہ سے وہ ان کو قطر بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے موٹروے پولیس کے بارے میں عوامی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے پورٹل بنانے کا بھی مطالبہ کیا اور یقین دلایا کہ وہ پاکستان کے ہر شہر میں روڈ سیفٹی بارے سیمینار منعقد کرانے کیلئے تعاون کریں گے۔

FOLLOW US