Sunday April 28, 2024

وفاقی حکومت کا گلگت بلتستان کیلئے اس کی تاریخ کے سب سے بڑے 370 ارب روپے میگا ترقیاتی پیکج کا اعلان

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کیلئے370 ارب روپے میگا ترقیاتی پیکج کا اعلان کردیا، اعلامیہ وزیراعظم آفس میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان میں اربوں روپے5 سال خرچ کیے جائیں گے، سالانہ ترقیاتی کاموں پر 74 ارب روپے خرچ ہوں گے، منصوبوں میں بجلی، سڑکوں کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کیلئے میگا ترقیاتی پیکج کا اعلان کردیا ہے، اعلامیہ وزیراعظم آفس میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان میں پانچ سال کے دوران 370 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ گلگت بلتستان کے سالانہ ترقیاتی کاموں پر 74 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ منصوبوں میں ہائیڈل اور کلین انرجی کے منصوبے شامل ہوں گے۔ لوکل ڈسٹری بیوشن نظام کو پھیلا یا اور بہتر بنایا جائے گا۔

اسی طرح 35ارب کی لاگت سے سڑکوں کے 5 بڑے منصوبے شروع کیے جارہے ہیں، منصوبوں میں شغرتھنگ، گورکیوٹ روڈ، اریل تانیگرایکسپریس، شگرپاپوشو روڈ ،شاہراہ نگر، استور میں تھلینچی شوٹر تک سڑکوں کے منصوبے ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے گلگت بلتستان کی ترقی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان سے خوبصورت علاقہ دنیا میں کوئی نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان کا وڑن پسماندہ علاقوں کو ترقی دینا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ کراچی بلوچستان، اندرون سندھ کے بعد اب یہاں ترقیاتی پیکچ کا اعلان کیا گیا، گلگت بلتستان میں بجلی کے نظام کے لیے 9 منصوبے اور سڑکوں کے پانچ بڑے منصوبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خالد خورشید جی بی کی ترقی کے لیے سنجیدہ ہیں، گلگت بلتستان میں سیاحت کے لیے بہت زبردست کام ہو رہا ہے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں سی پیک منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین سی پیک اتھارٹی اور مشیر تجارت بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان کو سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

FOLLOW US