Monday April 29, 2024

بابراعظم زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے پوویلین لوٹ گئے

ہرارے: قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے پوویلین لوٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز زمبابوے کی جانب سے بنائے گئے 176 رنز کے جواب میں پاکستان کی جانب سے عابد علی اور عمران بٹ نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا اور گزشتہ روز کے اختتام تک بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 103 رنزجوڑ لیے تھے ۔ عمران بٹ اور عابد علی نے آج صبح کھیل کا آغاز کیا ،عمران بٹ نے اپنی نصف سنچری مکمل کی ۔عابد علی اپنے پہلے روز کے سکور میں صرف 4 رنز کا ہی اضافہ کر سکے اور 60 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔ ان کے بعد آنے والے اظہر علی صرف 36 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا بیٹ آج نہ چل سکا اور وہ بغیر کوئی سکور بنائے پہلی گیند پر ہی کیچ آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے ،یہ اکتوبر 2018ء کے بعد پہلا موقع تھا جب وہ صفر کی خفت سے دوچار ہوئے۔

گزشتہ سال کے آغاز میں کورونا کے پھیلائو کے بعد سے بابراعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں فارم زیادہ اچھی نہیں جارہی، قومی ٹیم کے کپتان نے اس دوران 10 اننگز میں 35.2 کی اوسط سے 317 رنز سکور کیے ہیں جن میں 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کے کھیل کے اختتام سے قبل ہی قومی ٹیم کے باولرز نے شاندار باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو محض 176 رنز پر ہی روک لیا ۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے چار چار کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی جبکہ سپینر نعمان علی نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔ ایک کھلاڑی کو قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے اسپنر ساجد خان نے رن آو¿ٹ کیا۔ زمبابوے کی جانب سے سب سے زیادہ سکور روئے کائیا نے بنایا جنہوں نے 94 گیندوں پر 48 رنز کی اننگ کھیلی لیکن وہ اپنی نصف سینچری بنانے میں کامیاب نہیں پائے ، ان کے علاوہ ڈونلڈ تری پانو 28 سکور کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔اوپننگ پر آنے والے پرنس مسوورے 11 رنزبنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ ان کے ساتھ آنے والے کیون بغیر کوئی سکور بنائے پولین لوٹ گئے ۔ تریسائی موساکانڈا 14 ، برینڈن ٹیلر 5 ، ملٹن شمبا 27 ،رجیس 19 سکور بنا کر آوٹ ہو گئے ۔

FOLLOW US