Friday May 3, 2024

شہری خریداری کر لیں، لاہور میں ہفتہ اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا

لاہور : کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت لاہور میں پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور محمد عثمان نے ہفتہ اور اتوار کو لاہور بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا جس کے تحت ہفتہ اور اتوار کو کاروبار اور مارکیٹیں مکمل بند رہیں گی۔ کمشنر لاہورکیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ مذکورہ دنوں میں تمام قسم کے کاروبار اور مارکیٹیں مکمل بند رہیں گی، صرف میڈیکل اسٹور، پٹرول پمپ، ویکسی نیشن سنٹرز، دودھ دہی، گوشت اور سبزی کی دوکانیں کُھلی رہیں گی جبکہ ہفتہ اور اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پرمکمل پابندی عائد ہوگی۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان نے شہریوں سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ آج اشیاء ضروریہ کی کہ شہری خریداری کرلیں، کورونا وائرس سے روزانہ ریکارڈ تعداد میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ کمشنر لاہور نے واضح کیا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روک کر قیمتی جانیں بچانے کے لیے مشکل فیصلے کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں لیے جانے والے سخت فیصلوں کو کامیاب بنانے میں ہمارا ساتھ دیں، مشکل اور کڑا امتحان ہے، متحد ہو کر کورونا وائرس کو شکست ضرور دیں گے۔ کمشنر لاہور کا مزید کہنا تھا کہ عوام کورونا کے خلاف احتیاطی تدابیر اپنائیں، اور اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیاں محفوظ بنائیں۔ واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں۔ پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 131 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 5112 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ دوسری جانب لاہور میں مہلک کورونا وائرس سے مزید 18 لوگ زندگی کی بازی ہار گئے۔ لاہور میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 1085 نئے مریض سامنے آ گئے۔ کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ہی شہر بھر میں پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

FOLLOW US