Thursday December 26, 2024

پیپلزپارٹی کو این اے 120، این اے 4اور این اے 154میں شرمناک شکست کیوں ہوئی؟؟پارٹی رہنمائوں نے ایک ایسا اعتراف کر ڈالا کہ آصف زرداری کی پریشانی کی حد نہ رہے گی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے بیشتر رہنماؤں نے تسلیم کیا ہے کہ نچلی سطح پر تنظیم سازی میں غیر ضروری تاخیر ٗغلط امیدوار کا انتخاب اور محض ‘کرپشن’ کو ایجنڈا بنانے سے حالیہ عام انتخابات میں پی پی پی کو توہین آمیز شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی پی پی رہنما اور مرکزی عہدیداران نے بتایا کہ پارٹی کے عام

انتخابات کی مہم میں پارٹی کے اصل ورکر ‘جیالے’ کہیں نظر نہیں آئے۔پنجاب میں پی پی پی کے سینئر رہنما اور سابق عہدیدار نے کہا کہ جیالوں کی سپورٹ کے بغیر انتخابات میں کامیابی کی امید کیسے کی جاسکتی ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناراض جیالوں کو منانے کی اشد ضرورت ہے لیکن پارٹی قیادت میں کوئی ایسا جہاںدیدہ شخص نہیں جو انہیں جھنجھوڑ کر اٹھا دے۔لاہور میں حلقہ 120، پشاور میں حلقہ 4 اور لودھراں میں حلقہ 154 کی قومی اسمبلی کی نشستوں پر پیپلز پارٹی کی شکست کے حوالے سے انہوںنے کہا کہ ہم نے لاہور میں مقامی تنظیم کی بات کو نظر انداز کیا اور غلط شخص کو ٹکٹ دے دیا۔انہوں نے بتایا کہ پارٹی نے لودھراں میں ایک ایسے شخص کو ٹکٹ تفویض کرنے کا حق دے دیا جو ناصرف ماضی میں پارٹی چھوڑ کر چکا تھا بلکہ قیادت کے خلاف قابل اعتراض باتیں بھی کی تھیں تاہم اس شخص نے خود انتخابات لڑنے کے بجائے ٹکٹ اپنے بیٹے کو دے دیا۔سینئر رہنما نے کہا کہ مقامی تنظیم اور جیالوں کو قیادت کا فیصلہ پسند نہیں آیا اور اسی بنیاد

پر وہ انتخابی مہم کا حصہ نہیں بنے اور بالکل اسی طرح پشاور میں ہوا پی ٹی آئی کے مرحوم ایم این اے کے بیٹے کو ٹکٹ دیا گیا اور جیالوں نے قیادت کا فیصلہ یکسر مسترد کردیا۔پی پی پی رہنما کے مطابق انتخابات میں ناکامی کی ایک بڑی وجہ پارٹی اور میڈیا کا صرف کرپشن اور احتساب کو اپنا ایجنڈا بنانا ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ میڈیا عوامی مسائل مثلاً غربت ٗ معیشت ٗ زراعت اور صنعتیں بند ہونے سے بڑھتی ہوئی بے روزگاری جیسے مسائل کو نظر انداز کرکے صرف کرپشن کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ظاہر کررہا ہے۔پی پی پی رہنما کے مطابق میڈیا پر اس نئے ٹرینڈ سے پارٹی قیادت کیخلاف منفی رجحانات جنم لے رہے ہیں جس سے بہت نقصان پہنچا ٗ جب لوگ کرپشن کی باتیں کرتے ہیں تو غیر شعوری طور پر پیپلز پارٹی کا تصور ذہن میں امنڈ آتا ہے جو ٹھیک نہیں۔پی پی پی کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری منصور احمد نے بتایا کہ حالیہ انتخابات میں ناکامی کی وجہ غلط فیصلے ہیں جس کی وجہ سے عوامی پارٹی کو پریشان کن صورتحال کا سامنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں حالیہ انتخابات میں شکست کے اسباب اور دیگر مسائل کو زیر بحث لایا جائے گا اور عوام کے سامنے ایک نقطہ نظر بھی پیش کیا جائیگا۔دوسری جانب پی پی پی کے سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ہم نے متعدد اجلاس میں اپنی کمزوریوں اور انتظامی معاملات کا جائزہ لیاتاہم اسے عوام سے شیئر نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم حالیہ شکست سے سخت صدمہ ہے اور اس ضمن میں اہم فیصلے لے جا چکے ہیں لیکن ان نکات کا تذکرہ قابل از وقت ہوگا۔

FOLLOW US