اسلام آباد (نیو زڈیسک )نقیب اللہ محسود قتل کیس میں معطل ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے اپنے بیرون ملک فرار کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کہیں نہیں بھاگا پاکستان میں ہی موجود ہوں۔نجی ٹی و ی سے نامعلوم مقام سے گفتگو کرتے ہوئے راؤ انوار نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ میں بلاول ہاؤس میں ہوں لیکن اس میں کوئی صداقت نہیں ہےاور
آصف زردار ی سے میرے اس قسم کے مراسم نہیں ہیں ٗ1995 میں اچھا کام کیا اس لیے آصف زرداری میری عزت کرتے ہیں۔راؤ انوار نے کہا کہ ملک ریاض کا جہاز دیکھا تک نہیں ہے اور لوگ نہ جانے کیا کیا باتیں بنا رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پولیس نے جس گھر پر چھاپہ مارا اب وہ کسی اور کی ملکیت ہے اور پولیس اس گھر پر پوسٹر لگا کر چلی گئی ہے۔سابق ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ میں کہیں بھاگا نہیں ہوں ملک میں ہی ہوں لیکن موجود حالات میں پیش نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس مقابلے کی ایف آئی آر میں میرے پہنچنے کا وقت غلط ظاہر کیا گیا ہے، انصاف کیلئے چیف جسٹس کو خط لکھ رہا ہوں۔انہوںنے کہا کہ میری تنخواہ ایک لاکھ روپے ہے انکم ٹیکس کہاں سے دوں گا، میرے پاس تو اپنی سائیکل بھی نہیں ہے، فاروق دادا کو مارنے پر جو انعامی رقم ملی اس سے گھر خریدا۔اپنے بینک اکاؤنٹ کے حوالے سے راؤ انوار نے بتایا کہ صرف ایک بینک اکاؤنٹ ہے جو سرکاری بینک میں ہے اور جس میں تنخواہ آتی ہے، ہر ماہ کی 9، 10 تاریخ کو تنخواہ نکال لیتا ہوں۔