Sunday November 24, 2024

اگر آپ برفانی طوفان میں پھنس جائیں یا کسی ایسے علاقے میں جارہے ہوں تو کیا کرنا چاہیے ؟ وہ باتیں جو آپ جاننا چاہتے ہیں

لاہور: موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بھی ماحول میں خلاف معمول تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں اور بعض اوقات طوفان بھی آجاتے ہیں جو کسی کی زندگی کو بھی داﺅ لگادیتے ہیں، جیسا کہ گزشتہ دنوں مری میں ہوا جہاں برفانی طوفان میں پھنس کر متعدد لوگ جان کی بازی ہارگئے، ایسی صورتحال میں آپ کو کچھ باتیں بتاتے ہیں جن پر عمل کرکے آپ زیادہ سے زیادہ وقت کیلئے جنگ لڑسکتے ہیں ،ان میں سے کچھ تجاویزوہ ہیں جو آپ کو گھر سے نکلنے سے پہلے کرنی چاہیں لیکن کچھ باتیں وہ ہیں جو آپ کے پھنس جانے کے بعد مدد دے سکتی ہیں۔

سرکاری ملازمتوں کے خواہشمند نوجوانوں کیلئے حکومت نے بڑی خوشخبری سنا دی

گاڑی کی تیاری
یہ یقینی بنائیں کہ ایسے کسی بھی علاقے میں جانے کے لیے آپ کی گاڑی موزوں ہے ، اس طرح کی سڑکوں کے لیے ٹائر مناسب ہیں اور تیل وغیرہ سے ٹینکس بھرا ہوا ہے ۔
موبائل فون
کسی بھی ایسے علاقے میں جانے سے قبل اپنے موبائل فون کی بیٹری چارج رکھیں اور اس میں آپ کا بیلنس بھی وافر ہونا چاہیے تاکہ کہیں سے مدد لینے کی ضرورت درپیش ہوتو رابطے جاری رہ سکیں۔
منصوبے میں تبدیلی
اگر ممکن ہوسکے تو روانگی سے قبل موسم کے بارے میں صورتحال کا جائزہ لیں، اگر کسی طوفان کی آمد کا امکان ہو تو اسے عزت دیں جس کا وہ حق دار ہے یعنی وہاں آپ جانے سے گریز کریں۔

مری میں تمام سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے ، چیئرمین این ڈی ایم اے

ایمرجنسی کٹ
آپ کے پاس کمبل ، سلیپنگ بیگ ، بوٹس، ادویات ، ابتدائی طبی امداد کا سامنا، موبائل فون چارجر، خوراک اور پانی وغیر ہ ہونا چاہیے جو کہیں بھی پھنسنے کی صورت میں آپ کی زندگی بچاسکیں۔
آپ نے گھبرانا نہیں
اگر آپ کسی طوفان میں پھنس جائیں تو سب سے پہلے آپ نے گھبرانا نہیں ہے ، یہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا بیان نہیں بلکہ ماہرین کی تجویز ہے ، زندگی بچانے کی بات ہو تو گاڑی سمیت کہیں بھی راستے میں پھنس جانا اتنی بڑی بات نہیں کہ زندگی چلی جائے لیکن گھبراہٹ میں آپ کو ئی بھی غلط فیصلہ لے سکتے ہیں جس کے نتائج زیادہ بھیانک ہوسکتے ہیں لہٰذا پرسکون رہیں ۔
سائلنسر
جب آپ کو یہ احساس ہو کہ پانی یا برف وغیرہ میں کہیں پھنس کر رہ گئے ہیں تو یہ یقینی بنائیں کہ آپ کا سائلنسر بند نہ ہونے پائے، اگر گاڑی سٹارٹ رکھنا مقصود ہے تو سائلنسر کو ہرحال میں کھلی فضاءمیں رکھیں تاکہ گاڑی کے اندر کاربن مونوآکسائیڈ بھرنے سے موت واقع نہ ہو، اس کیساتھ احتیاط کے طورپر ونڈو کے شیشے بھی تھوڑے کھول کر رکھے جاسکتے ہیں۔
پریشانی کی اطلاع
اپنے سے دور موجود لوگوں کو اطلاع کریں کہ آپ پریشانی کا شکار ہیں، ایمرجنسی سروسز کو اطلاع کریں، تیز رنگ کے کپڑوں کا استعمال کریں تاکہ امدادی اداروں کو آپ تک پہنچنے میں آسانی ہو۔
گاڑی کے اندر ہی رہیں
کسی کی بھی زندگی بچانے کے لیے ایک گاڑی شاندار پناہ گاہ بن سکتی ہے ، سویڈن میں ایک شخص دو ماہ تک اپنی گاڑی کے اندر زندہ رہا، حتیٰ کہ اس کے پاس پانی یا خوراک بھی نہیں تھی ، ایسے موسم میں گاڑی چھوڑ کر کھلے میں نکلنا مزید گھمبیر ہوسکتا ہے ، شدید سردی ، پھسلن کے علاوہ کسی دوسرے ڈرائیور کی طرف سے ٹکر لگنے کا بھی خطرہ ہوسکتا ہے۔

مری میں کیا اتنی برف پہلی دفعہ پڑی تھی؟ وفاقی وزیر مونس الہٰی اپنی ہی حکومت پر برس پڑے

خود کو گرم رکھیں
آپ اپنے ساتھ جو کپڑے لائے ہیں، وہ اوپر نیچے زیب تن کرکے خود کو گرم رکھیں، سر پر بھی کچھ پہنیں، مائیں یہ اکثر کہتی ہیں کہ سب سے زیادہ حدت کا اخراج سر سے ہی ہوتا ہے اور سروماتھا ننگا ہونے سے بھی سردی لگ جاتی ہے۔
جگہ کم سے کم گھیریں
اگر آپ کے پاس کوئی کمبل یا جیکٹس وغیرہ دستیاب ہیں تو کم سے کم جگہ مختص کرلیں کیونکہ چھوٹی سی’ جھونپڑی نما جگہ‘ کو گرم رکھنا آسان ہوگا۔
موبائل فون پر گیمز کھیلنے یا فلمیں دیکھنے سے اجتناب
اتنی دیر تک گاڑی میں انتظار کرنا مشکل ہوگا لیکن موبائل فون کا استعمال صرف ایمرجنسی صورت میں ہی مدد کے لیے کریں، گیمز کھیلنے یا فلمیں دیکھنے سے آپ کی بیٹری ختم ہوکر رابطے کا ذریعہ ختم کرسکتی ہیں۔

بارشیں اور طوفان ختم ہوا یا ابھی باقی ہے۔۔ آج اتوار کو ملک کا موسم کیسارہے گا۔۔؟

پانی کی عدم دستیابی
اگر آپ کے پاس پانی کی قلت ہوجائے تو ارد گرد بھاگنے کی بجائے پگھلی ہوئی برف کا استعمال کریں۔
گاڑی کی سٹارٹنگ اور ہیٹر
اگر آپ کی گاڑی میں تیل وغیرہ موجود ہے تو ہر ایک گھنٹے بعد 10منٹ کے لیے گاڑی سٹارٹ کریں ، ہیٹر اور لائیٹس جلائیں، اس کے بعد یہ یقینی بنائیں کہ آپ تمام چیزیں دوبارہ بند کرچکے ہیں تاکہ آپ کی گاڑی کی بیٹری ضائع ہونے سے بچ جائے ۔ کچھ یہ بھی تجویز کرتے ہیں کہ اگر آپ گاڑی سٹارٹ رکھنا چاہتے ہیں تو کھڑکی تھوڑی کھول کر رکھیں یا پھر کسی شیشے میں کریک ڈال لیں تاکہ کاربن مونوآکسائیڈ سے بچ سکیں، سردی کے علاوہ کاربن مونو آکسائیڈ بھی زندگی کے لیے بڑا خطرہ ہے ۔
ریسکیو
امید کرتے ہیں کہ ایمرجنسی سروسز اور دوست احباب کو اطلاع کے بعد اگر ان ہدایات پر عمل کرکے کچھ گھنٹے کوئی سروائیو کرجاتا ہے تو عین ممکن ہے کہ اسے ریسکیو کرلیاجائے۔اللہ تعالیٰ تمام لوگوں کو ایسی ناگہانی پریشانی سے محفوظ رکھے۔

FOLLOW US