دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک ) لاہور قلندرز کے خلاف پاکستان سپر لیگ کے تیز ترین نصف سنچری اسکور کرنے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے جارح مزاج اوپنر لیوک رونچی نے ٹورنامنٹ کے پاکستان میں ہونے والے میچز میں شرکت کا اعلان کردیا۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیوک کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں اچانک کوئی ایسا کھلاڑی سامنے
آجاتا ہے جس کے بارے میں آپ نے پہلے کبھی نہیں سنا ہوتا اور وہ 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کررہا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کا معیار اچھا ہے، یہاں تک کے جن کھلاڑیوں کو موقع نہیں مل پارہا اور بنچ پر موجود ہیں وہ بھی اچھے ہیں۔لیوک رونچی نے کہا کہ لاہور اننگز کے اختتام پر اتنا اچھی نہیں کھیل ہائی جتنا کھیل سکتی تھی اور ہم نے انہیں 163 رنز پر محدود کرنے کے لیے اچھا کھیل پیش کیا۔ اسلام آباد کے اوپنر کا کہنا تھا کہ جے پی ڈومنی اور میں نے پچھلے میچ کا تسلسل برقرار رکھا، پراعتماد تھے کہ ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کریں گے، ہم ہر بال کو میرٹ پر کھیل رہے تھے۔لیوک رونچی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنا ذہن صاف رکھنا ہوتا ہے، اگر آپ کے دماغ میں زیادہ باتیں چل رہی ہوں گی تو آپ اچھا کھیل پیش نہیں کرپائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی ہر میچ کو پرسکون انداز میں کھیل رہے ہیں جس کی وجہ سے فتوحات مل رہی ہیں