Sunday October 20, 2024

گورنر بننے کے بعد رہائش کہاں اختیار کروں گا؟ اور گورنر ہائو س کس مقصدکیلئے استعمال ہو گا؟چوہدری سرور نے بڑا اعلان کر دیا

لاہور (نیوزڈیسک) نامزد گورنر پنجاب چودھری سرور نے گورنر ہاؤس میں رہائش اختیار نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نامزد گورنر پنجاب چودھری سرور 27 اگست کو سینیٹ سے استعفیٰ دیں گے جس کے بعد 28 اگست کو گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔ چودھری سرور نے پارٹی قائد اور وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری

کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے گورنر ہاؤس میں نہ رہنے کا اعلان کیا ہے۔چودھری سرور گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اُٹھانے کے بعد ڈیفنس میں موجود گھر میں رہائش اختیار کریں گے جبکہ گورنر ہاؤس کو محض عوامی مسائل کے حل کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس حوالے سے گذشتہ روز چودھری محمد سرور کی اہلیہ پروین سرورنے کہا کہ نامزد گورنر پنجاب چودھری سرور 27 اگست کو سینیٹر شپ سے استعفیٰ دے دیں گے جس کے اگلے روز وہ گورنر پنجاب کی حیثیے سے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔نامزد گورنر پنجاب چودھری سرور کی اہلیہ پروین سرور کے مطابق چودھری سرور چاہتے ہیں کہ گورنر ہاؤس عوامی فلاح کے لیے استعمال ہو اس لیے وہ اپنے دفتر کے لیے پرائیوٹ جگہ کی تلاش میں ہیں۔ یاد رہے کہ چودھری سرور اس سے قبل مسلم لیگ ن کی جانب سے گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں ۔ چودھری سرور نے مسلم لیگ ن کی قیادت سے اختلافات کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا اور پارٹی کو بھی خیر باد کہہ دیا تھا جس کے بعد انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔عام انتخابات 2018ء میں کامیابی ، خیبرپختونخواہ، مرکز اور پنجاب میں بھی حکومت سازی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے چودھری سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔چودھری سرور مارچ 2018ء میں سینیٹر منتخب ہوئے تاہم اب انہیں گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے کے لیے سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہونا پڑے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف چودھری سرور کی سینیٹ کی خالی نشست پر بابر اعوان کو سینیٹر منتخب کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

FOLLOW US