Sunday October 27, 2024

عمران خان کے وزیراعظم بنتے ہی ہم پاکستان کیلئے کیا کریں گے؟یورپ نے خوشخبری سنا دی

برسلز (نیوزڈیسک)یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر ڑاں فرانسوا کوتاں نے کہا ہے کہ یورپی یونین پاکستان میں جمہوری استحکام، معاشی خوشحالی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد پر تیار ہے۔اسلام آباد میں یورپی یونین کے سفیر نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے خصوصی ملاقات میں یورپی یونین کی جانب

سے سکیورٹی، معیشت، تعلیم اور دیہی ترقی کے شعبوں میں نئی حکومت سے تعاون کی پیش کش کی اور پاکستان میں معاشی ترقی اور استحکام کے لیے ای یو ممالک کی جانب سے بیرونی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں بھی پاکستان کی مدد کرنے پر تیار ہے۔بین لااقوامی خبر ایجنسی کی جانب سے کئے گئے ایک انٹرویو میں یورپی یونین کے سفیر نے عمران خان کے ساتھ ملاقات حوالے سے ان خیالات کا اظہار کیاہے ۔ڑاں فرانسوا کوتاںنے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے بیشتر ارکان کی طرح یورپی یونین بھی اس تنظیم کی ایک مکمل رکن ہے۔ ہم دہشت گردی کے خاتمے، دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خاتمے اور منی لانڈرنگ کے خاتمے جیسے اہداف پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور عملی کاوشوں میں شریک ہیں۔ لہذا یورپی یونین فطری طور پر اس حوالے سے ہونے والی ہر پیش رفت میں، اپنی صلاحیتوں اور وسائل کے مطابق، اپنی بہترین کوششوں کے ذریعے حصہ ڈالی گی۔ ہم ایف اے ٹی ایف کے عملی منصوبوں اور دائرہ کار میں رہتے ہوئے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے پاکستان کی نئی حکومت کی خصوصی معاونت کے لیے تیار ہیں۔ اگر اس نوعیت کے باہمی تعاون پر اتفاق رائے ہو جاتا ہے تو ہمیں اس شراکت کو اس طرح طے کرنا ہو گا کہ پاکستان کی ضروریات بھی پوری ہوتی ہوں۔

FOLLOW US