اسلام آباد (نیوزڈیسک) قومی اسمبلی کے دو اور صوبائی اسمبلی کے مزید 6 آزاد اراکین نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ پیر کو تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق پنجاب اسمبلی کے مزید آزاد اراکین نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے بنی گالہ میں ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا، ان میں نو منتخب
رکن قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل، سعید اکبر نوانی اور امیر محمد خان جن کا تعلق بھکر سے ہے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔بہاولنگر سے قومی اسمبلی کے نو منتخب رکن غفار وٹو اور ایم پی اے فدا وٹو نے بھی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مظفر گڑھ سے پنجاب اسمبلی کے نو منتخب اراکین باسط بخاری عبدالحئی دستی اور خرم خان لغاری نے بھی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔بیان کے مطابق پارٹی میں شامل ہونے والے آزاد اراکین نے پارٹی قیات اور منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ تبدیلی لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی میں شامل ہونے والے اراکین کا خیر مقدم کیا ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر لیڈر جہانگیر خان ترین بھی موجود تھے۔