اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو 2023ء کے عام انتخابات کے لیے تیاریوں کی ہدایت کر دی۔ قومی اخبار ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی آزاد جموں و کشمیر اور تمام فوجی کینٹونمنٹ بورڈز میں آئندہ انتخابات کو عام انتخابات کے لیے وارم اپ سیشنز سمجھے۔ یہ اجلاس وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالا میںہوا جس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اجلاس کی اندرونی کہانی بتاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم خواہش مند تھے کہ پارٹی پوری تیاری کے ساتھ آزاد جموں و کشمیر اور کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات لڑے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اجلاس کے شرکا کو پی ٹی آئی کی ڈور ٹو ڈور ممبرشپ مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی کی جس کا مقصد آئندہ عام انتخابات میں پارٹی کے ووٹ بینک کو بڑھانا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکمران جماعت جلد ہی چاروں صوبوں اور ملک کے دیگر حصوں میں رکنیت سازی مہم شروع کردے گی۔ پارٹی کے تمام پارلیمنٹیرینز کو پارٹی ووٹ بینک کو بڑھانے کا کام سونپا گیا ہے۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ اس سلسلے میں عوامی جلسے بھی ہوں گے۔ وزیر اعظم کا مؤقف تھا کہ آنے والے دو انتخابات کے نتائج کا اگلے عام انتخابات پر یقینی طور پر اثر پڑے گا۔ اجلاس میں انتخابات میں دھاندلی کے امکانات سے بچنے کے لیے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دوسری جانب آج وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی سندھ کے رہنماؤں سے ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ ، شاہ محمود قریشی اور سیف اللہ نیازی بھی شریک تھے۔
ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کو سندھ میں مزید متحرک کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے حوالے سے عید کے بعد ایک اور اجلاس بلالیا، اجلاس میں سندھ پلان کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف سیاسی قوتوں سے ملاقاتیں اور ساتھ ملانا بھی سندھ پلان کا حصہ ہوگا۔
پی ٹی آئی کو سندھ میں مزید متحرک کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان سندھ میں جلسوں سے بھی خطاب کریں گے جبکہ سندھ سے کئی اہم رہنماؤں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا بھی امکان ہے۔ میڈیا ذرائع نے مزید بتایا کہ عید کے بعد اجلاس میں سندھ ایڈوائزری کمیٹی کے نام بھی فائنل ہوں گے، وفاق کے منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں پر اہم فیصلے بھی عید کے بعد ہوں گے۔
افغان کرنل کے گھر سے پاکستان کا قومی شناختی کارڈ برآمد شناختی کارڈ پر چمن کا رہائشی پتہ درج ہے