لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)یہودی باپ بیٹے کو تضحیک کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف آواز اٹھانے پر مسلمان خاتون کے دنیا بھر میں چرچے ہورہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لندن میں ٹرین پر سفر کرتے ہوئے کپہ(یہودی ٹوپی) پہننے پر مسیحی مذہبی پیشوا کی جانب سے ایک باپ اور بیٹے کو تضحیک کا نشانہ بنایا گیا جس پر مسلمان خاتون نے پادری کو خاموش کروا دیا۔مسلمان خاتون کی شناخت عاصمہ کے نام سے ہوئی ہے۔ خاتون نے کہا کہ “میں مسلمان ہوں اور میرا عقیدہ مجھے ظلم پر چپ رہنے کی اجازت نہیں دیتا”۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر کے لوگوں نے مسلمان خاتون کو ایوارڈ سے نوازنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ یہودی باپ بیٹے کومذہبی منافرت سے بچانے پر عاصمہ شیخ کی بہادری کے چرچے ہورہے ہیں۔ٹویٹر پرمسلم خاتون کے بہادری کوخوب سراہا جا رہا ہے اور لوگ انہیں خصوصی ایواڈ دینے کی تجاویزدے رہے ہیں۔سوشل میڈیا
پردنیا بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد ان کے حق میں پوسٹ کررہی ہے اور ان کی بہادری کو سراہ رہی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ”عاصمہ آپ کی اس بہادری اوریہود خاندان کو نسل پرستانہ جملوںسے بچانے کیلئے آپ کا شکریہ،ایک ایسے وقت میں جب دنیا میں شدت پسندی بڑھ رہی ہے آپ امید کا دیاہو۔امید ہے دوسرے بھی آپ کی پیروی کریں گے۔ دوسری جانب یہودی باپ بیٹے پر فقرے کسنے والے مسیحی شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے عاصمہ نے کہا وہ لوگوں کے جذبات اور ان کی محبتوں کو دیکھ کر اشکبارہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا وہاں موجود بیشتر لوگ اس شخص کے جملوں کو ناپسند کررہے تھے تاہم انہیں ان کا مذہب اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ وہ یہ سب دیکھ کر چپ رہیں۔ ایک ماں ہونے اور مسلمان ہونے کے ناطے وہ جانتی ہیںکہ اس طرح کی مذہبی منافرت کس قدر تکلیف دہ ہوتی ہے۔