Sunday May 19, 2024

جموں کشمیر کا بھارت سے رشتہ ختم ہو جائے گا بھارتی سیاستدان نے مودی سرکار کو دو ٹوک بتا دیا

سرینگر(آئی این پی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ دفعہ 370 ہٹایا گیا تو جموں وکشمیر کا بھارت سے رشتہ خود بہ خود ختم ہوجائیگا، بھارتی آئین کا یہ دفعہ جموں وکشمیر اور بھارت کے درمیان پل کا کام کرتا ہے، آپ نے ہمیں ہندوستان کے آئین کے تحت کوئی پوزیشن دی ہے ، اگر آپ آج اس پوزیشن کو ختم کرتے ہیں تو ہمیں دوبارہ سوچنا پڑے گا کہ کیا ہم آپ کے ساتھ رہنا چاہیں گے۔ ارون جیٹلی صاحب کو یہ بات سمجھنی چاہیے۔

مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے ایک بیان پر اپنے ردعمل میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ دفعہ 370 جموں وکشمیر اور بھارت کے درمیان پل کا کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا ‘جموں وکشمیر میں جو مین اسٹریم جماعتیں ہیں ان کو پتہ لگانا پڑے گا کہ ہم اگر الیکشن لڑیں گے تو کس قانون کے تحت ہم ہندوستان کا الیکشن لڑیں گے۔ کیونکہ ہندوستان کا آئین ہمارے جموں وکشمیر میں دفعہ 370 کے ذریعے نافذ ہوتا ہے۔ دفعہ 370 جموں وکشمیر اور ہندوستان کے درمیان پل کا کام کرتا ہے۔ اگر آپ اسی پل کو توڑیں گے تو محبوبہ مفتی جو جموں وکشمیر کے آئین کی قسمیں کھاتی ہیں ، ہندوستان کے آئین کی قسم کھاتی ہے اور حلف اٹھاتی ہیں تو پھر ہم حلف کیسے اٹھائیں گے’۔ان کا مزید کہنا تھا ‘پھر آپ کو دوبارہ جموں وکشمیر اور ہندوستان کا رشتہ بنانا پڑے گا۔ وہ کن بنیادوں اور شرطوں پر بنے گا؟ پھر نئی شرطیں ہوں گی۔ پھر سے مذاکرات ہوں گے۔ کیا آپ اس کے لئے تیار ہیں۔ پھر ہم (بھارت سے )ملنا بھی چاہیں گے یا نہ ملنا بھی چاہیں گے’۔ واضح رہے کہ مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے اپنے ایک بیان میں کہاتھا کہ جموں کشمیر میں غربت کی سب سے بڑی وجہ دفعہ 35 اے اور دفعہ 370 ہیں

FOLLOW US