Tuesday May 7, 2024

بل گیٹس اور میلنڈا کے درمیان علیحدگی لیکن دونوں کے درمیان محبت کیسے شروع ہوئی؟ وہ بات جو آپ جاننا چاہتے ہیں

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) مائیکروسافٹ کے بانی اور سالہا سال تک دنیا کے امیرترین شخص کا اعزاز رکھنے والے بل گیٹس کی 27سالہ شادی بالآخر طلاق پر منتج ہو گئی۔ گزشتہ روز 65سالہ بل گیٹس اور ان کی 56سالہ اہلیہ ملینڈا گیٹس نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹس پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں انہوں نے دنیا کو اپنی شادی ختم کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ میل آن لائن کے مطابق بل گیٹس اور ملینڈا کے گزشتہ روز ختم ہونے والے اس 27سالہ ازدواجی سفر کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب ملینڈا نے بل گیٹس کی کمپنی مائیکروسافٹ میں پراڈکٹ منیجر کی ملازمت اختیار کی اور ذہنی آزمائش کے ایک مقابلے میں بل گیٹس کو ہرا دیا جس پر بل گیٹس نے اس کے ساتھ شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

1987ءمیں ملینڈا نے مائیکرو سافٹ میں ملازمت اختیار کی تھی۔ جس کے بعد ایک روز نیویارک سٹی میں ایک بزنس ڈنر میں بل گیٹس اور ملینڈا ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھے، جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ ڈیٹنگ شروع کر دی۔ ابتداءمیں دونوں کا تعلق سرسری اور غیرمستقل تھا اور دونوں ہی اس میں سنجیدہ نہیں تھے تاہم 2019ءمیں ایک بار ملینڈا نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ پزلز اور میتھ گیمز ہم دونوں ہی کو اس قدر پسند تھیں کہ یہ ہماری محبت کی وجہ بن گئیں۔ اسی انٹرویو میں ملینڈا نے بتایا تھا کہ ایک رات بل گیٹس کے بیڈروم میں انہوں نے وائٹ بورڈ پر ہماری شادی کے متعلق ’پرو اینڈ کون لسٹ‘ (Pro and con list)بنائی، جس میں ایک طرف دلائل دیئے کہ ہمیں کیوں شادی کر لینی چاہیے اور دوسری طرف کیوں شادی نہیں کرنی چاہیے۔ بل گیٹس کی اس لسٹ میں شادی کرنا دونوں کے لیے زیادہ فائدہ مند قرار پایا چنانچہ انہوں نے 1994ءمیں پہلی ملاقات کے 7سال بعد امریکی ریاست ہوائی میں شادی کر لی۔

ملینڈا نے شادی کے لگ بھگ 2سال بعد حاملہ ہونے پر مائیکروسافٹ میں ملازمت چھوڑ دی اور گھر پر رہنے لگیں۔ ان کے اس فیصلے پر بل گیٹس کو شدید جھٹکا لگا۔ دونوں کے ہاں تین بچے پیدا ہوئے۔ سب سے بڑی بیٹی جینیفر اس وقت 25سال کی ہے جبکہ روری کی عمر 21سال اور فوئبے کی عمر 18سال ہے۔ 27سال کی اس خوبصورت ازدواجی شراکت داری کے بعد بالآخر اپنے مشترکہ بیان میں بل گیٹس اور ملینڈا نے کہا ہے کہ ’ہمیں یقین ہو چکا ہے کہ ہم زندگی کے اگلے مرحلے میں اکٹھے نہیں چل سکتے، چنانچہ ہم نے باہمی رضامندی سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

FOLLOW US