Sunday May 5, 2024

خانہ کعبہ اور مکہ مکرمہ کا ایمان پرور نظارہ خلا سے لی گئی خانہ کعبہ کی روشن تصویر دُنیا بھر میں وائرل ہوگئی

مکہ مکرمہ: خانہ کعبہ دُنیا کا مقدس ترین مقام ہے۔ اس مقام کی حُرمت اور حفاظت کی قسم اللہ تعالیٰ نے خود اُٹھائی ہے۔مسجد الحرام میں داخل ہوتے ہی روح ایک عجیب سی طمانیت اور خوشی سے بھر جاتی ہے۔ جیسے دُنیا کے سارے غم، مصائب اور تفکرات کہیں باہر ہی چھوڑ آئے ہیں۔ یہاں آنے والے ایک ایمان پرور روحانی تجربے سے دوچار ہوتے ہیں۔ اسی وجہ سے جو یہاں آتا ہے، اس کا دل واپس جانے کو نہیں کرتا۔ ہر اہل ایمان کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے اسی مقدس مقام پر موت کی خوش نصیب گھڑی نصیب ہو جائے۔ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر خانہ کعبہ اور اس کے گرد و نواح کی ایسی خوبصورت تصویر وائرل ہو رہی ہے،

جسے دیکھ کر سب سبحان اللہ پکار اٹھے ہیں۔ سعودی میڈیا کے مطابق یہ تصویر انٹرنیشنل سپیس سنٹر سے لی گئی ہے۔ یہ تصویر خلائی اسٹیشن پر موجود جاپانی خلاباز نے کھینچ کر شیئر کی ہے۔ جسے اس نے ”مکہ۔۔سعودی عرب“ کا عنوان دیا ہے۔ اس تصویر میں خانہ کعبہ اور مکہ مکرمہ کا ایمان پرورنظارہ دکھائی دے رہا ہے۔ جیسے یہاں کی فضاؤں میں ہر طرف نور ہی نور بکھرا ہے۔ اس تصویر کے درمیان میں مسجد الحرام ایک دودھیا نورانی روشنی سے جمگمگا رہی ہے اور ساتھ میں منیٰ کے خیمے اور جمرات کا علاقہ بھی دکھائی دے رہا ہے۔ اس کے علاوہ مکہ شہر کی عمارات، شاہراہیں اور دیگر تاریخی پہاڑ بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ جاپانی خلاباز نے بتایا کہ وہ چھ ماہ تک اس انٹرنیشنل اسپیس سنٹر پر مختلف تجربات اور تحقیقات کرتے رہے۔ اس تحقیقاتی مشن میں دیگر دس خلاباز بھی ان کے ہمراہ تھے، جن کا تعلق مختلف ممالک سے تھا۔ اس دوران انہوں نے خلائی اسٹیشن سے زمین کے مختلف مناظر کی دلکش تصاویر لیں۔ مگر خانہ کعبہ اور اس کے اطراف کی تصویر انتہائی عمدہ تھی۔ اس وجہ سے انہوں نے اسے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے شیئر کیا تو وہ چند منٹس میں وائرل ہو گئی۔ یہ جاپانی خلا باز دیگر ساتھیوں کے ہمراہ 24 اپریل 2021ء کو خلائی اسٹیشن سے وطن واپس پہنچے تھے۔

FOLLOW US