Saturday May 4, 2024

میرے لیے مسجد الحرام کی صفائی کرنا باعث سعادت ہے، موسلا دھار بارش کے بعد حرم شریف کے فرش کی صفائی کرنے والے ملائشیا کے وزیر تجارت کی تصاویر وائرل

مکہ: موسلا دھار بارش کے بعد حرم شریف کے فرش کی صفائی کرنے والے ملائیشیا کے وزیر تجارت کی تصاویر وائرل ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق مسجد الحرام میں گزشتہ چند دنوں سے وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جس وجہ سے مسجد کے فرش پر پانی اکٹھا ہو جانے کے بعد صفائی کا سلسلہ جاری ہے۔ ملائشیا کے سینئر وزیر نے جب مسجد الحرام کے فرش پر پانی کھڑا دیکھا تو انہوں نے فوراً صفائی شروع کر دی۔ مسجدکافرش خشک کرنے میں مصروف ملائیشین وزیر کے اس اقدام کو لوگوں نے بہت پسند کیا۔ بارش اور ژالہ باری کے باعث پانی کو کارکن وائپرز اور مشینوں کے ذریعے خشک کرنے میں مصرف تھے۔ اسی دوران ملائیشین وزیر تجارت محمد علی جو اس وقت وہیں موجود تھے، انھوں نے مسجد الحرام میں کام کرنے کی سعادت حاصل کرنے کی غرض سے ایک کارکن سے وائپرلے کر پانی خشک کرنا شروع کردیا۔

بعدازاں انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنے کمنٹس میں کہا کہ ’میرے لیے مسجد الحرام میں کارکنوں کے ساتھ کام کرنا باعث سعادت ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب میں ہونے والی طوفانی بارشوں کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں ہیں، جس کے بعد شہریوں کو خراب موسم میں گھروں سے کم سے کم باہر نکلنے کی تلقین کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس وقت سعودی عرب کے کئی علاقے سیلابی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔ واضح رہے لہ سعودی عرب کا شمار دُنیا کے گرم ترین خطوں میں ہوتا ہے، اپریل میں بھی خاصی گرمی ہوتی ہے۔ تاہم رمضان المبارک کا یہ مہینہ سعودیہ پر موسم کے اعتبار سے بڑی رمت بن کر نازل ہوا ہے۔ رمضان کے پہلے ہفتے کے دوران مملکت میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے سے گرمی کازور ٹوٹ گیا ہے۔گزشتہ کئی روز سے متعدد مقامات پر موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔کئی مقامات پر برف باری اور ژالہ باری بھی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے روزہ داروں کو خوشی کی خبر سُنا دی ہے جس کے مطابق اب رمضان کا دوسرا ہفتے بھی پورے کا پورا بارشوں اور ژالہ باری میں گزر جائے گی۔ گزشتہ ہفتے جمعہ کے روز سے رواں ہفتے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی اور مطلع ابر آلود رہنے سے گرمی کی لہر قابو میں رہے گی۔

FOLLOW US