Saturday May 4, 2024

ماہ رمضان کے بابرکت مہینے میں مسجد الحرام کی رونقیں بحال رمضان کے پہلے عشرے15 لاکھ زائرین اور نمازی مسجد الحرام میں داخل ہوئے

مکہ مکرمہ: مسجد الحرام دُنیا کا مقدس ترین مقام ہے، جس کی حُرمت اور پاکیزگی اُمت مسلمہ کو اپنی ذات سے بھی بڑھ کر عزیز ہے۔ عام حالات میں یہاں پر ہر وقت لاکھوں افراد کا اجتماع رہتا ہے جو عمرہ ادا کرتے ہیں اور نماز پنجگانہ بھی ادا کرتے ہیں۔ تاہم کورونا وبا کے بعد مسجد الحرام سمیت سعودیہ کی تمام مساجد کچھ عرصہ کے لیے زائرین کی عبادت کے لیے بند کر دی گئی تھیں۔
جنہیں بعد میں خصوصی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کے ساتھ کھولا گیا تھا۔ پچھلے سال مسجد الحرام کے کھولے جانے کے بعد ایک کروڑ سے زائد افراد خانہ کعبہ میں آئے ہیں، اور اللہ کی رحمت سے ان میں سے کوئی بھی کورونا کا شکار نہیں ہوا۔بے شک اللہ اپنے گھر آنے والوں کی حفاظت فرماتا ہے۔

رمضان کے مہینے میں مسجد الحرام کی رونقیں بحال ہوتی جا رہی ہیں۔ رمضان کے پہلے عشرے میں مسجد الحرام میں نماز اور عمرہ کی غرض سے 15 لاکھ سے زائد افراد داخل ہوئے ہیں۔اس تعداد کا اندازہ مسجد الحرام کے بیرونی دروازوں سے گزرنے والے افراد کی گنتی سے لگایا گیا ہے۔ رمضان کے دوران کعبہ کا طواف کرنے والوں کی سہولت کے لیے مطاف کی گنجائش میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ لوگ سماجی فاصلے کی پابندی کرتے ہوئے آسانی سے طواف کر سکیں اور نمازوں کی ادائیگی میں بھی کوئی پریشانی نہ اُٹھانی پڑے۔ مسجد الحرام کی انتظا میہ کے مطابق نماز اور عمرہ کے لیے آنے والوں کو پہلے اعتمرنا ایپ پر اندراج کروانا ہوتا ہے، جس کے بعد انہیں مسجد میں داخلے کے وقت سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ مسجد الحرام میں صرف وہی لوگ داخل ہو سکتے ہیں جنہوں نے کورونا کی ویکسین لگوا رکھی ہے۔ مسجد میں ہر وقت ماسک پہننا لازمی ہے۔ جبکہ سماجی فاصلے کی پابندی بھی لازمی ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے وبا کے باعث رمضان میں مکہ معظمہ میں زیادہ لوگوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ جو لوگ بھی رمضان میں عمرہ ادا کرنا چاہتے ہیں، انہیں پہلے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوتا ہے، جو افراد بغیر اجازت نامے کے عمرہ ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان پر 10 ہزار سعودی ریال کا جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے۔

FOLLOW US