پیرس : فرانسیسی انرجی گروپ ای ڈی ایف نے بتایا ہے کہ بھارت میں دنیا کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ کی تعمیر کی راہ میں حائل اہم رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔ کمپنی کے مطابق اس نے مغربی بھارت کے شہر جیتاپور میں تیسری جنریشن کے ری ایکٹرز کی تعمیر کے لیے ساز و سامان اور مطالعاتی مواد فراہم کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔ اس مجوزہ منصوبے کی تکمیل کے بعد وہاں دس گیگا واٹ بجلی پیدا ہو سکے گی، جس سے ستر ملین گھرانوں کی توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی۔ اب تک مقامی سطح پر مزاحمت کی وجہ سے یہ منصوبہ بے یقینی کا شکار تھا۔ ای ڈی ایف کے مطابق کاغذی کارروائی آئندہ کچھ دنوں میں متوقع ہے۔
