ممبئی : بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے، اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کئی مریض جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں جبکہ اسپتالوں میں جگہ کی کمی کی وجہ سے بھارت میں کئی شہری اسپتالوں کے سامنے ہی پگڈنڈیوں اور فُٹ پاتھ پر سونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ بھارت میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر مسلم کمیونٹی سے رمضان المبارک میں اس وبا سے نجات کی دعا کرنے کی اپیل بھی کی گئی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ممبئی پولیس کے ایک اہلکار کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں پولیس اہلکار مسلم کمیونٹی سے کورونا وائرس سے نجات کے لیے رمضان المبارک میں خصوصی دعا کرنے کی اپیل کر رہا ہے۔
ویڈیو میں موجود پولیس اہلکار نے مسلم کمیونٹی کے لیے رمضان المبارک کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ آپ سب کی مراد پوری کرے۔ ہم درخواست کرتے ہیں کہ جو لوگ نماز ادا کرتے ہیں ، برائے مہربانی اللہ تعالیٰ سے گزارش کیجئیے کہ یہ کورونا جو ہمارے لوگوں کو لے کر جا رہا ہے ، تکلیفوں میں ڈال رہا ، اُس کو ختم کر دے۔ پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ میں نے سُنا ہے کہ تراویح کی نماز میں مانگی جانے والی دعا جلدی سنی جاتی ہے لہٰذا آپ تہہ دل سے نماز میں یہی مانگیں کہ کورونا ہمارے شہر اور ملک سے چلا جائے۔ خیال رہے کہ بھارت کے کئی بڑے شہر کورونا کی نئی لہر کی لپیٹ میں ہیں۔ کئی ریاستوں میں اسپتالوں میں کورونا متاثرین کے لیے جگہ نہیں جب کہ کئی اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی سے مریض جان کی بازی ہاررہے ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت میں عالمی وبا کورونا کے باعث اب تک ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں اور ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد اموات بھی ہو چکی ہیں۔ بھارت میں کورونا کی موجودہ صرتحال کے پیش نظرپاکستانی عوام نے بھی بھارتی عوام اورخاص طور پر کورونا متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا ۔ یہی نہیں مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پرپاکستانیوں کی جانب سے بنائے گئے بھارت کے ساتھ ہمدردی کے کافی ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈ کررہے ہیں جن میں ”انڈیا نیڈزآکسیجن”، ”انڈیا لائیوزمیٹر” اور”پرئینگ فارانڈیا” کے ٹاپ ٹرینڈز شامل ہیں۔
Indian police asking muslims to pray for the country after Namaz. That's how desperate the situation is in neighbouring country.
Prayers for #India! 🇮🇳 #IndianLivesMatter pic.twitter.com/w9rikRqXHk
— Syed Usman (@syedizzat_u) April 23, 2021