Monday May 20, 2024

اقوام متحدہ کے الائنس آف سویلائزیشن کی فرانس میں مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز کارروائیوں کی مذمت

اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے الائنس آف سویلائزیشن(یو این اے او سی ) کے ہائی رپریزینٹیٹومیگوئیل اینگل موریٹینوس نے فرانس کے مغربی شہر رینیس میں نماز کے لیے استعمال کی جانے والی عمارت پر نفرت انگیز نعرے لکھے اور مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے ۔ یو این اے او سی کے ترجمان نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ ہائی رپریزینٹیٹو نے فرانس اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی اورپرامن رمضان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے فرانس کے شیر رینیس میں نماز کے لیے استعمال کی جانے والی عمارت ایویسینا اسلامک کلچرل سینٹر کی دیواروں پر لکھے جانے والے نفرت انگیز نعروں کی مذمت کی ہے۔

میگوئیل اینگل موریٹینوس نے اسے گھنائونا فعل قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی اقدار اور اصولوں خصوصاً مذہب اور عقیدے کی آزادی کے منافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر کمزور طبقات کو نفرت انگیز تقاریر کا نشانہ بنانے ، مسلمانوں کے خلاف نفرت کے اظہار ، توہین ، نسل پرستانہ اقدامات کے خلاف ہیں اور اب پہلے سے کہیں زیادہ اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ اقدامات کو یقینی بنانے کی ضررورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ باہمی احترام، بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی اس وقت حاصل ہوسکتی ہے جب ہر فرد کو اپنے مذہب یا عقائد کو آزادانہ اور محفوظ طریقے سے استعمال کرنے کی گنجائش ہو۔ واضح رہے کہ اتوار کو رینیس شہر میں نماز کے لیے استعمال کی جانے والی ایویسینااسلامک کلچرل سینٹر کی دیواروں پر نفرت انگیز تحاریر درج کی گئیں اور قبل ازیں ننتیس شہر میں اراہما مسجد آگ لگنے کے باعث اس کے دروازے کو نقصان پہنچا۔

FOLLOW US