Friday November 29, 2024

مودی کی بنگلادیش آمد پر دوسرے روز بھی مظاہرے ، مزید 5افراد ہلاک۔۔مودی کے دورے کیخلاف احتجاج کے باعث بنگلادیش میں فیس بک بند

9ڈھاکا: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بنگلادیشآ مد پر شروع ہونے والے مظاہروں کے دوسرے روز بھی مزید 5 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش میں جمعے کے روز بھارتی وزیراعظم کی آ مد پر شروع ہونے والا ملک گیر احتجاج تاحال جاری ہے، دوسرے روز بھی مبینہ پولیس فائرنگ سے مزید 5 مظاہرین ہلاک ہوگئے۔ دو روز میں پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی۔ چٹاگانگ کے ضلع برہمن باریہ کے اسپتال کے ایم ایس نے میڈیا کو بتایا کہ گولیاں لگنے سے زخمی 17 افراد کو اسپتال لایا گیا جن میں سے 3 مردہ حالت میں لائے گئے تھے 2 نے اسپتال میں دم توڑ دیا جب کہ 12 زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

برہمن باریہ کے ایک صحافی نے بتایا کہ حفاظت اسلام کے 3 ہزار سے زائد مظاہرین نے ضلع میں سرکاری دفاتر اور عمارتوں کو آگ لگادی تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ ہلاکتیں پولیس فائرنگ سے ہوئیں یا کوئی اور معاملہ ہے۔ مودی کی آمد پر شروع ہونے والے مظاہروں کے بعد سے ملک کے مختلف حصوں میں پیرا ملٹری فورس کو تعینات کردیا گیا ہے۔ سیکڑوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مظاہرین گجرات میں مسلم کش فسادات پر مودی کیخلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا کے معروف پلیٹ فارم ‘فیس بک’ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں اس کی سروسز احتجاج کے باعث بند کردی گئیں۔ غیرملکی خبررسا ں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے خلاف مذہبی سیاسی جماعتوں سے منسلک ہزاروں افراد کا احتجاج جاری ہے، جس دوران پولیس کی فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کی طرف سے فیس بک کی بندش سے متعلق کوئی بیان نہیں آیا، تاہم ماضی میں اس نے احتجاج اور مظاہروں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے انٹرنیٹ کی بندش کو بطور ہتھیار استعمال کیا ۔

فیس بک نے اپنے بیان میں کہا کہ بنگلہ دیش میں ہماری سروسز کی بندش سے آگاہ ہیں، ہم صورتحال کو مزید سمجھنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور ہمیں جلد از جلد سروسز کی مکمل بحالی کی امید ہے۔فیس بک نے بیان میں مزید کہا کہ بنگلہ دیش میں جس طرح اس کی سروسز بند کی گئیں اسے اس پر سنگین خدشات ہیں، حالانکہ اس وقت کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے مواصلات کا موثرنظام ضروری ہے۔

FOLLOW US