Friday March 29, 2024

غیر ملکیوں کو مملکت میں مزید قیام کی اجازت مل گئی متحدہ عرب امارات نے ویزوں کی مُدت میں توسیع کا اعلان کردیا

دُبئی:متحدہ عرب امارات میں ویزہ ہولڈرز کے لیے خوشخبری سُنا دی گئی۔ امارتی حکومت نے ویزوں کی مُدت میں توسیع کر دی ہے اور غیر قانونی قیام پر عائد ہونے والے جرمانے بھی معاف کر دیئے ہیں۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اماراتی حکومت نے ٹورسٹ اور وزٹ ویزہ پر آنے والوں کی مُدت میں توسیع کر دی ہے۔ اب تمام سیاح 31 مارچ تک مملکت میں قیام کر سکیں گے۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارن افیئرز(GDRFA)کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ماہ اور تین ماہ کے سیاحتی اور وزٹ ویزہ پر آنے والوں کے ویزوں کی مُدت میں توسیع کر دی گئی ہے،

اس توسیع کے بدلے میں کوئی اضافی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔ پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ وزٹ اور ٹورسٹ ویزوں کی مُدت میں خود کار طریقے سے توسیع کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ابوظبی میں واقع پاکستانی سفارت خانے نے ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ جن افراد کو 28 دسمبر 2020ء سے قبل ٹورسٹ ، وزٹ ویزے اور انٹری پرمٹس جاری ہوئے تھے ، ان کی ان دستاویزات میں 31 مارچ تک توسیع کر دی گئی ہے۔ ایک ٹریول ایجنٹ نے بتایا ہے کہ فی الحال یہی لگتا ہے کہ صرف دُبئی کے ویزہ ہولڈرز کے ویزوں کی مُدت میں توسیع کی گئی ہے۔ اس توسیع کے بعد جن افراد کو 28 دسمبر سے قبل ویزے جاری ہوئے تھے، اگران کا ویزہ ختم ہونے پر کوئی جرمانے عائد ہوئے بھی تھے، تووہ ختم ہو گئے ہیں۔ کچھ ٹریول ایجنٹس کا بھی کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے جن کلائنٹس کے ویزوں کی میعاد میں توسیع کی درخواست دی تھی، اس میں خود کار طور پر31 مارچ تک کی توسیع ہو گئی ہے۔ کچھ ویزہ ہولڈرز نے بھی بتایا ہے کہ آن لائن ویزہ سٹیٹس چیک کرنے پر انہیں پتا چلا ہے کہ ویزوں کی مُدت میں توسیع کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ دُبئی کے فرما نروا اورامارت کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اس سے قبل 27 دسمبر کوبھی تمام ٹورسٹ اور وزٹ ویزہ ہولڈرز کے ویزوں کی مُدت میں ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کیا تھا۔ ان دنوں کورونا کے نئے وائرس کی وجہ سے یورپ سمیت کئی ممالک نے لاک ڈاؤن کر دیا تھا اور فضائی سفر بھی معطل کر دیا تھا۔ جس کی وجہ سے امارات میں مقیم کئی ممالک کے شہریوں کی اپنے وطن واپسی ممکن نہیں ہو پا رہی تھی۔ اسی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا تھا۔

FOLLOW US