شارجہ: چند ہفتے پہلے دُبئی کے ایک پوش علاقے میں ایک خاتون کی جانب سے خود کُشی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اب شارجہ میں بھی ایک خاتون نے اپنی زندگی ختم کر لی ہے، جس کی وجہ خراب مالی حالات بتائے جا رہے ہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق شارجہ میں مقیم ایک غیر ملکی خاتون نے مبینہ طور پر27 ویں منزل سے کُود کر خود کُشی کر لی ہے۔ اس واقعے پر خاتون کے واقف کار اور اہل علاقہ انتہائی سوگوار ہیں۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خود کشی کرنے والی خاتون بھارتی نژاد ہے جس کے پاس برطانوی شہریت ہے۔
یہ بدنصیب خاتون التعاون کے علاقے کی ایک رہائشی بلڈنگ کے 27 ویں منزل پر واقع فلیٹ میں مقیم تھی۔ صبح ساڑھے تین بجے بلڈنگ کے چوکیدار نے اطلاع دی کہ بلڈنگ کی رہائشی ایک خاتون کی لاش گراؤنڈ فلور پر پڑی ہے۔ جس کے فوراً بعد پولیس پٹرولنگ ٹیم اور ریسکیو عملہ جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا۔ گراؤنڈ فلور پر 32 سالہ خاتون K.S مردہ حالت میں پڑی تھی۔ لوگوں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ خاتون اپنے مالی حالات کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا شکار تھی اور اس کا ذکر اکثر اپنے جاننے والوں سے بھی کیا کرتی تھی۔ پولیس نے خاتون کی لاش کو صبح 4 بجے القاسمی ہسپتال بھجوا دیا۔ جس کے بعد خاتون کے پوسٹ مارٹم کے لیے لا ش کو فرانزک لیبارٹری منتقل کیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق خاتون نے مبینہ خود کشی کے وقت شراب پی رکھی تھی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ خود کشی کا ہی معاملہ لگتا ہے۔ تاہم رپورٹ آنے کے بعد ہی تصدیق کی جا سکے گی۔ یہ واقعہ بحیرہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا ہے۔