Friday January 24, 2025

سعودی عرب پر مسلسل دوسرے روز بیلسٹک میزائل حملہ،گزشتہ روز سعودیہ کے ابہا ایئرپورٹ کو یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے دہشت گرد حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ریاض : سعودی عرب پر مسلسل دوسرے روز بیلسٹک میزائل حملہ۔ خلیجی خبر رساں اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب پر دوبارہ سے بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عرب اتحاد نے جمعرات کے روز یمن سے ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کا سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل تباہ کردیا۔ سعودی عرب پر یہ مسلسل دوسرے روز بیلسٹک میزائل حملے کی کوشش کی گئی، جبکہ جمعرات کے روز خمیس مشیط میں ہی ڈرون بمبار سے بھی حملے کی کوشش کی گئی۔

اس حوالے سے فوجی اتحاد برائے یمن کے ترجمان بریگیڈیئر تُرکی المالکی نے بتایا کہ ایران کے حمایت یا فتہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودیہ کے علاقے خمیس مشیط کی طرف بھیجے گئے بارودی ڈرون کو راستے میں روک کر تباہ کردیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودیہ کے ابہا ایئرپورٹ کو یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے دہشت گرد حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ جس کے نتیجے میں ایئرپورٹ پر کھڑے مسافر بردار طیارے میں آگ لگ گئی تھی۔ حکام کا کہنا تھا کہ طیارے میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔چند روز قبل ریاض شہر کو خطرناک میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم سعودی افواج نے اس میزائل کو ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی فضا میں تباہ کر دیاتھا، جس دوران ایک خوفناک دھماکہ ہوا اور آس پاس کے علاقے لرز اُٹھے تھے۔

میڈیا کے مطابق ریاض کو تخریب کاری کا نشانہ بنانے کے لیے یہ میزائل داغا گیا تھا، تاہم مستعد سعودی افواج نے اس میزائل کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کر ڈالا، جس سے تباہی کی نوبت نہیں آئی۔ سعودی عرب کو گزشتہ کئی سال کے دوران یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے کئی بار ڈرونز اور میزائل حملوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ گزشتہ سال سعودی آرامکو کی اہم ترین تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ جس سے کئی کنوؤں میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ ایک درجن کے قریب ان میزائلوں کے نتیجے میں آگ پر قابو پانے میں کئی روز لگ گئے تھے۔ جس کے نتیجے میں دُنیا بھر کو تیل کی سپلائی بھی متاثر ہوئی تھی اور سعودی معیشت کو بھی بڑا نقصان اُٹھانا پڑا تھا۔

FOLLOW US