Monday May 6, 2024

نئی امریکی انتظامیہ کے آتے ہی مسئلہ کشمیر کی اہمیت بڑھ گئی صدر جو بائیڈن کی خطے کے حوالے سے پالیسی پر بڑا دعویٰ سامنے آگیا

اسلام آباد : ہماری ہمیشہ یہی پوزیشن رہی ہے کہ کشمیر ہماری شہہ رگ ہے ، امریکہ میں نئی انتظامیہ کے آنے کے بعد اس سال مسئلہ کشمیر زیادہ اہمیت اختیار کرگیا ، ان خیالات کا اظہپار سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ میں نئی انتظامیہ آنے کے بعد پہلی بار صدر جو بائیڈن نے پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوراناپنی خارجہ پالیسی کے خدو خال بیان کیے ہیں ، جس میں انہوں نے خاص طور پر اس بات کا ذکر کیا ہے کہ وہ دنیا کو کیسا دیکھنا چاہتے ہیں ، ان کی طرف سے دیا گیا بیان پاکستان کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہوگیا ہے کیوں کہ ہماری ہمیشہ کشمیر پر یہ پالیسی رہی ہے کہ کشمیر ہماری شہہ رگ ہے۔

واضح رہے کہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلیے آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے ، پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کے اعادے اور کشمیر میں بھارتی بدترین مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے پاکستانی قوم آج جمعہ کو ’’ یوم یکجہتی کشمیر ‘‘ بھرپور انداز میں منا رہی ہے ، ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے ، پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئی۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی ، اسلام آباد، مظفرآباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں سیمینارز اور جلسے جلوسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اسلام آباد میں یکجہتی واک کی قیادت کی ، اس موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت کےلیے جدوجہد پر بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، بھارت نے پانچ اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کیا اور آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کےلیے غیر قانونی اقدامات کیے ، حق خودارادیت یو این چارٹر میں موجود بنیادی حق ہے ، غیر قانونی طور پر محکوم کشمیریوں کے اس حق سے انکار انسانی وقار کی نفی ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر پرانے تنازعات میں سے ایک ہے، تنازعہ بھارتی ہٹ دھرمی اور وعدہ خلافی کی وجہ سے حل نہیں ہوسکا۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری عوام بدترین ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی برداشت کر رہے ہیں ، ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں ، وقت آ گیا ہے کہ انسانی المیے کو ختم کیا جائے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام قابض بھارتی فوج کے لاک ڈاؤن کا سامنا کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیرکو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئیے۔

FOLLOW US