Thursday June 12, 2025

سعودی ائیرلائن کی جانب سے فراہم کی جانے والی جائے نماز سہولت کے چرچے، سفر کرنے والے مسلمانوں کو نماز ادائیگی کیلئے خصوصی جگہ فراہم کی جاتی ہے۔

ریاض : سعودی ائیرلائن کی جانب سے فراہم کی جانے والی جائے نماز سہولت کے چرچے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ائیرلائن کے طیارے کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہوئی ہیں۔ ان تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی قومی ائیرلائن کے طیاروں میں سفر کرنے والے مسلمانوں کو جائے نماز کی خصوصی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ تصاویر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر کے مسلمانوں اور خاص کر فضائی مسافروں نے سعودی عرب کی ائیرلائن کے اس اقدام کو کافی پسند کیا، وہیں کچھ مسافروں نے سوال اٹھایا کہ وہ سعودی ائیرلائن کی پروازوں پر تواتر سے سفر کرتے ہیں، تاہم انہیں کبھی طیارے میں ایسی سہولت نظر نہیں آئی۔

اس سوال کے جواب میں کچھ سوشل میڈیا صارفین نے وضاحت کی کہ جائے نماز کی سہولت صرف اے 380 مسافر طیاروں میں فراہم کی جاتی ہے۔ سعودی ائیرلائن کے اے 380 سے چھوٹے مسافر طیاروں میں یہ سہولت میسر نہیں۔ جبکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کچھ خلیجی ائیرلائن کی جانب سے بھی مسافر طیاروں میں جائے نماز کی سہولت فراہم کی جاتی ہیں۔ یہ خلیجی ائیرلائن بھی صرف اے 380 مسافر طیاروں میں یہ سہولت فراہم کرتی ہیں۔ جبکہ سعودی ائیرلائن کے طیاروں میں مختص جائے نماز کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ نماز کی جگہ پر سامنے دیوار پر ایک الیکٹرانک ڈیوائس بھی نصب ہوتی ہے جو فضاء میں ہی خود کار طریقے سے قبلے کا رخ معلوم کرتی ہے۔ پھر جو بھی نمازی نماز ادا کرنا چاہے، وہ اس ڈیوائس کی جانب سے بتائی گئی معلومات کے مطابق قبلے کا رخ جان کر نماز ادا کر سکتا ہے۔