Monday May 6, 2024

متحدہ عرب امارات کا سفارت خانہ دہشت گردی کی بڑی کارروائی سے بچ گیا ،ایتھوپیا میں15 دہشت گرد گرفتار

دُبئی: متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بعد کچھ اسلامی عناصر کی جانب سے سخت ردِ عمل ظاہر کیا گیا تھا۔ فلسطینی اتھارٹی نے بھی اس فیصلے کو عالم اسلام کے لیے افسوس ناک قرار دیا تھا۔ میڈیا پر کچھ ایسی رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ کچھ انتہا پسند عناصر اماراتی مفادات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ افریقی ملک ایتھوپیا میں اماراتی سفارت خانہ بڑی تباہی سے بچ گیا ہے۔ ایتھوپیائی حکام نے دارالحکومت ادیس ابابا میں یو اے اے کی سفارت خانے پر تخریب کاری کے منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے اور دہشت گردی کا یہ منصوبہ تیار کرنے والے 15 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن کا تعلق ایک دہشت گرد تنظیم سے بتایا جا رہا ہے۔

ایتھوپیائی پریس ایجنسی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور دیگر اہم دستاویزات بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد گروہ غیر ملکی آپریٹرز کی ہدایات پر منصوبہ تیار کر رہا تھا جس کے تحت ادیس ابابا میں اماراتی سفارت خانے کو خطرناک دہشت گرد حملے کا نشانہ بنایا جانا تھا۔ جس سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہونے کا اندیشہ تھا۔ تاہم ایتھوپیائی نیشنل انٹیلی جنس سیکیورٹی سروس نے مخبری ہونے کے بعد اس حملے کے منصوبہ سازوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ فی الحال امارات کی وزرات خارجہ نے اس معاملے پر کوئی فوری ردعمل ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی کوئی تبصرہ سامنے آیا ہے۔ ایتھوپیائی نیوز ایجنسی کے مطابق افریقی ملک سوڈان میں بھی اماراتی سفارت خانے کو نشانہ بنانے کے لیے ایک تخریب کار گروہ کو ٹاسک سونپا گیا تھا۔ تاہم وہاں پر بھی یہ منصوبہ بندی ناکام ہو گئی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق سوڈان میں اماراتی سفارت خانے کے قریب سے 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان افراد نے تخریب کاری کے لیے غیر ملکی آپریٹرز سے نقدی وصول کی تھی۔ گروہ کا سرغنہ سویڈن سے گرفتار کیا گیا ہے۔

FOLLOW US