Saturday May 4, 2024

سعودی ماہرین کا بڑاکارنامہ ،خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی 40منٹ میں مکمل کرڈالی،ویڈیوسوشل میڈیا پروائرل۔

مکہ مکرمہ : خانہ کعبہ دُنیا بھر کے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے لیے مقدس ترین مقام ہے۔ اس کی مقام کی حُرمت کو اُمت مُسلمہ اپنی جان و مال حتیٰ کہ اولاد اور والدین سے بھی بڑھ کر مانتی ہے۔ بڑے خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو خانہ کعبہ میں حجاج کی خدمت اور تطہیر و صفائی کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔ اللہ کا یہ کرم اور مہربانی ہر مسلمان کے حصے میں نہیں آتی ، کروڑوں لوگ اس سعادت کی حسرت دل میں لیے ہی رخصت ہو جاتے ہیں۔

تاہم آج کے جدید ترین دور میں ایک فائدہ یہ ہوا ہے کہ لوگ مسجد الحرام اورکعبہ شریف کے اندرونی حصوں اور چھت کی تطہیر کا ایمان پرور نظارہ گھر بیٹھے ہی حاصل کر سکتے ہیں۔ ایسے ہی چند روح پرور مناظر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر سامنے آگئے ہیں۔ مسجد الحرام کی انتظامیہ کی جانب سے ٹویٹر پر چند تصاویراور ویڈیو پوسٹ کی گئی ہیں، جن میں سعودی ماہرین کی جانب سے خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے انتظامیہ نے بتایا کہ خانہ کعبہ کی وقتاً فوقتاً صفائی کی جاتی ہے۔ اس پروگرام کے تحت گزشتہ روز بھی صفائی کا عمل انجام دیا گیا ۔ تاہم اس بار سعودی ماہرین نے کعبہ شریف کی چھت ریکارڈ وقت میں صاف کر لی ہے۔ پہلی بار چھت کی صفائی صرف 40 منٹ میں مکمل کی گئی ہے۔ جس کی تصاویر دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین ’سبحان اللہ‘ پکار اُٹھے۔
کیونکہ کروڑوں لوگوں کو یہ نظارہ پہلی بار دیکھنا نصیب ہوا ہے۔واضح رہے کہ حرمین شریفین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دیگر مقامات کی طرح صفا اور مروہ کی پہاڑیوں کو ہر ہفتے باقاعدگی کے ساتھ صاف کیا جاتا ہے۔حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈینسی کی جانب سے مسجد حرام میں قالینوں کی صفائی کے امور کے انچارج جابر الودعانی نے بتایا کہ صفا اور مروہ کی پہاڑیوں کی صفائی کا خاص طور پر اہتمام کیا جاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں الودعانی کا کہنا تھا کہ صفا مروہ کی پہاڑیوں کی صفائی کے لیے مسجد حرام کی صفائی کے لیے استعمال ہونے والے مواد اور آلات کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صفا اور مروہ کی صفائی کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر ان تاریخی پہاڑیوں کے اطراف میں صفائی کا کام کرتی ہے۔ادھر حرمین جنرل پریذیڈینسی کے شعبہ انسداد وبائی امراض و تحفظ ماحولیات کے ڈائریکٹر حسن السویھری نے بتایا کہ مسجد حرام اور دیگر مقدس مقامات کو ہر طرح کے حشرات الارض اور دیگر آلائشوں سے بچانے کے لیے 20 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر مسجد حرام اور دیگر مقامات پر صفائی کے ساتھ کیڑے مکوڑوں کو تلف کرنے کا کام کرتی ہیں۔

FOLLOW US