Wednesday May 1, 2024

جوبائیڈن نے امریکا کے 46 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

واشنگٹن : جوبائیڈن نے امریکا کے 46 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما جوبائیڈن نے باقاعدہ طور پر امریکی صدر کا عہدہ سنبھال لیا۔ امریکی صدارتی محل وائٹ ہاوس واشنگٹن میں ہوئی حلف برداری کی تقریب میں امریکا کے چیف جسٹس نے جوبائیڈن سے صدارت کا حلف لیا۔ جوبائیڈن نے اپنی خاندانی بائبل پر صدارت کا حلف اٹھایا۔ جوبائیڈن کی حلف برداری سے قبل کملا ہیرس نے نائب صدر کا حلف اٹھایا۔ کملا ہیرس امریکا کی تاریخ میں نائب صدارت کا عہدہ سنبھالنے والی پہلی خاتون ہیں۔ حلف برداری کی شاندار تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تاہم یہ تعداد کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے ماضی کے مقابلے میں بہت کم رہی۔

اس دوران سابق امریکی صدر بارک اوباما، ان کی اہلیہ، شوبز اور امریکی سیاست کی کئی مشہور شخصیات بھی موجود رہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت کی جانب سے مائیک پینس نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں شریک تمام افراد نے کرونا وائرس ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا۔ جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی 153 سالہ روایت کو توڑتے ہوئے صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کی۔ تقریب حلف برداری کے دوران امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ سیکورٹی خدشات کی وجہ سے واشنگٹن کی سڑکیں سنسان رہیں، جگہ جگہ امریکی نینشل گارڈز کے اہلکار تعینات رہے۔ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد واشنگٹن کو خیرباد کہہ گئے۔ ڈونلڈ اپنی اہلیہ ملانیا اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ واشنگٹن ڈی سی کے اینڈریو ملٹری ایئربیس پہنچے تاہم وہاں انہیں رخصت کرنے کے لیے امریکی نائب صدرمائیک پنس یا ان کی انتظامیہ کا کوئی اعلی عہدیدار موجود نہ تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے خاندان کے ہمراہ امریکی صدر کے لیے مخصوص جہاز ”ایئرفورس ون“ میں سوار ہوکر ریاست فلوریڈا کے لیے روانہ ہوگئے۔ یہ اس طیارے پر ان کا آخری سفر ہوگا۔

FOLLOW US