Saturday April 20, 2024

صارفین کی شدید تنقید کے بعد وٹس ایپ نے نئی پرائیویسی پالیسی کے اطلاق کے پلان میں تبدیلی کر دی

نیویارک : 8 فروری کو کسی صارف کا اکاونٹ ڈیلیٹ نہیں کیا جائے گا، صارفین کی شدید تنقید کے بعد وٹس ایپ نے نئی پرائیویسی پالیسی کے اطلاق کا پلان ملتوی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پیغام رسانی کیلئے دنیا کی سب سے مقبول موبائل ایپ وٹس ایپ کی پرائیویسی پالیسی میں تبدیلی کی صورت میں ذاتی ڈیٹا لیک ہو جانے کے خدشے سے دوچار صارفین کیلئے وٹس ایپ حکام کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا ہے۔ گزشتہ کئی روز سے خبریں زیر گردش تھیں کہ جو صارفین وٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی کو قبول نہیں کریں گے، ان کے اکاونٹ 8 فروری کو ڈیلیٹ کر دیے جائیں گے۔

تاہم اب اس حوالے سے وٹس ایپ حکام کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کبھی بھی اپنے صارفین کے اکاونٹ ڈیلیٹ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔
کمپنی نے نئی پرائیویسی پالیسی کے اطلاق کا فیصلہ فی الحال ملتوی کر دیا ہے۔ مئی 2021 کے بعد اس منصوبے کے اطلاق پر غور کیا جائے گا۔ صارفین کے خدشات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔ دوسری جانب پاکستان کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے بھی اس معاملے کے حوالے سے وضاحتی اور تفصیلی بیان جاری کیا گیا۔ وزارت آئی ٹی حکام کا کہنا ہے کہ وٹس ایپ کی پرائیویسی پالیسی سے متعلق سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک کی وضاحت اور موجودہ صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ وٹس ایپ پرائیویسی میں تبدیلی دراصل صرف وٹس ایپ بزنس اکاؤنٹس کیلئے ہے۔ نان بزنس، ریگولر، انفرادی پروفائلز اکاؤنٹس سے اس نئی پالیسی سے متاثر نہیں ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس وقت پاکستان سمیت دنیا بھر میں وٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی تنازعے کا باعث بنی ہوئی ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ جو صارف نئی پالیسی سے اتفاق نہیں کرے گا وہ 9 فروری کے بعد سے اپنے وٹس ایپ اکاؤنٹ سے محروم ہوجائے گا۔ جبکہ صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے کی افواہیں بھی زیر گردش تھیں، جس پر ردعمل دیتے ہوئے کمپنی حکام نے کہا کہ صارفین کا ڈیٹا مکمل محفوظ ہے، پیغامات انکرپٹڈ ہی رہیں گے، ان تک کسی کی رسائی ممکن نہیں ہوگی۔

FOLLOW US