Friday November 29, 2024

دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کیلئے بہت ہی اہم خبر، رواں برس معمول کے مطابق حج کے انعقاد کا امکان

ریاض: دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کیلئے بہت ہی اہم خبر، رواں برس معمول کے مطابق حج کے انعقاد کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے 31 مارچ سے مملکت کے تمام ائیرپورٹس پر فضائی آمد و رفت کی بحالی کی اجازت دینے کے فیصلے کے بعد دنیا بھر میں آباد کروڑوں مسلمانوں کو رواں برس معمول کے مطابق حج وعمرہ ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ گزشتہ برس کرونا وائرس کے پھیلاو اور سفری پابندیوں کے باعث محدود پیمانے پر حج کا انعقاد ہوا تھا۔ سعودی عرب میں مقیم چند ہزار لوگوں نے حج کی سعادت حاصل کی تھی۔

جبکہ گزشتہ سال کے بیشتر مہینوں میں معمول کے مطابق عمرہ ادائیگی پر بھی پابندی عائد رکھی گئی تھی۔ تاہم اب ایک سال بعد سعودی عرب میں مارچ کے ماہ میں سعودی حکومت نے سفری پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اسی باعث کروڑوں فرزندان اسلام کو امید ہے کہ وہ ناصرف معمول کے مطابق عمرہ ادا کر سکیں گے، بلکہ ان کیلئے اب معمول کے مطابق حج ادائیگی بھی ممکن ہوگی۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت نے مملکت میں کرونا وائرس کا پھیلاو بہت حد تک ختم ہو جانے کے بعد سفری پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ تقریباً ایک سال سے کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے بیرون ممالک آزادانہ سفر کرنے سے محروم شہری اب بیرون ملک سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت نےتمام غیر ملکی ائیرلائنز کو سعودی عرب کیلئے فضائی آپریشن کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد مملکت کے شہری دنیا کے کسی بھی ملک کا سفر کرسکتے ہیں۔ سعودی عرب کے تمام ائیرپورٹس غیر ملکی ائیرلائنز کے لیے کھول دیئے گئے ہیں۔ سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا کی ٹریول ایڈوائزری کے مطابق تمام ائیر لائنز بدھ 31 مارچ کی صبح6 بجے سے آمد و رفت کا آغاز کرسکتی ہیں۔

FOLLOW US