لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب کی صوبائی کابینہ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پنجاب کے دوران سیکیورٹی کے لئے رینجرز کے 280اہلکار تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ روزنامہ جنگ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان جنوبی پنجاب میں لیہ اور بھکر کے علاقوں میں شکار کھیلنے کے لئے آرہے ہیں۔ان کے ہمراہ سیکیورٹی کے لئے سعودی فورسزکے 500 اہلکار بھی ہوں گے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ 15جنوری تک متوقع ہے تاہم سعودی حکومت کی طرف سے تاحال حتمی تاریخ سے آگاہ نہیں کیا گیا۔گورنر تبوک بھی ان کے ساتھ آرہے ہیں.
محکمہ داخلہ پنجاب نے کابینہ سے منظوری کے بعد وفاقی وزارت داخلہ کو رینجرز کی دو کمپنیوں کی تعیناتی کے لئے درخواست بھجوا دی ہے۔ رینجرز تعیناتی کی منظوری صوبائی کابینہ سے بذریعہ سرکولیشن کروائی گئی ہے۔وفاقی حکومت نے سعودی ولی عہد کو پاکستان میں تلور کے شکار کے لئے خصوصی پرمٹ گزشتہ ماہ جاری کئے تھے۔